Tuesday , November 21 2017
Home / Top Stories / کشمیر میں مفتی سعید کی فاتحہ سیوم میں ہزاروں سوگوار شریک

کشمیر میں مفتی سعید کی فاتحہ سیوم میں ہزاروں سوگوار شریک

بیچ بہارا ( جموں و کشمیر) ۔10جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ہزاروں سوگواروں نے مرحوم مفتی محمد سعید کی فاتحہ سیوم میں شرکت کی ۔ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں مفتی محمد سعید کے آبائی قبرستان میں اُن کی قبر پر فاتحہ خوانی کی گئی ۔ اُن کے سوگوار رو رہے تھے اور اُن کی مغفرت کی دعا کررہے تھے ۔ کثیر تعداد میں لوگ شکوہ پارک میں جمع ہوگئے تھے جہاں مفتی محمد سعید کو سپرد خاک کیا گیا ہے ۔ ان کا انتقال جمعرات کی صبح ایمس نئی دہلی میں ہوا تھا ۔ لوگ صبح سے ہی پارک میں جمع ہونا شروع ہوگئے تھے ۔ وادی کے تمام گوشوں سے مفتی سعید کی فاتحہ سیوم میں شرکت کرنے کیلئے عوام پہنچ رہے تھے جیسے ہی اُن کی دختر پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی پارک پہنچی تو کئی پارٹی کارکن جذباتی ہوگئے ۔ انہوں نے محبوبہ اور اُن کے والد کی تائید میں نعرہ بازی کی۔ فاتحہ سیوم کے اختتام پر محبوبہ مفتی شہ نشین پر پہنچی اور عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے اُن کی طرف ہاتھ ہلایا ۔ اُس کے بعد وہ ایک لفظ بھی کہے بغیر اس مقام سے روانہ ہوگئیں ۔ پی ڈی پی کے قائدین اور دیگر وزراء‘ بی جے پی کے قائد اور سابق نائب وزیراعلیٰ نرمل سنگھ اور دیگر اس موقع پر موجود تھے ۔ تعزیتی جلسہ فیرویو میں منعقد کیا گیا جو مفتی صاحب کی قیام گاہ تھی ۔ جلسہ میں مختلف شعبہ ہائے حیات کے ہزاروں افراد نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔ محبوبہ مفتی کالی پھیرن( روایتی کشمیری لباس) پہنی ہوئی تھیں ۔ ان کے ساتھ دیگر ارکان خاندان بشمول ان کی والدہ گلشن نظیر فاتحہ خوانی کے وقت ان کے ساتھ کھڑی ہوئی تھیں ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT