Saturday , November 25 2017
Home / ہندوستان / کشمیر میں موبائل انٹرنیٹ خدمات معطل اور جموں میں بحال

کشمیر میں موبائل انٹرنیٹ خدمات معطل اور جموں میں بحال

سری نگر ، 12جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر میں تمام مواصلاتی کمپنیوں بشمول بی ایس این ایل کی انٹرنیٹ خدمات ایک بار پھر معطل کردی گئی ہے ۔ یہ خدمات علیحدگی پسند قیادت کی طرف سے کشمیریوں کے حق خودارادیت کو واگذار کرنے کے لئے آن لائن مہم شروع کرنے کی کال اور وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے مابین ہونے والے مسلح تصادم کے پیش نظر معطل کی گئی ہیں۔ وادی میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات گذشتہ رات قریب ساڑھے دس بجے معطل کی گئیں۔ دوسری جانب جموں خطہ میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات بدھ کو دو دنوں بعد بحال کی گئیں۔ ایک عہدیدار نے بتایا ‘جموں میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات بدھ کو دوپہر ایک بجے بحال کی گئیں’۔ یہ خدمات جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں جنگجویانہ حملے میں 7 امرناتھ یاتریوں کی ہلاکت اور کم از کم ڈیڑھ درجن دیگر کے زخمی ہونے کے خلاف جموں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی طرف سے دی گئی ‘جموں بند’ کی کال کے پیش نظر منقطع کی گئی تھیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا ‘ خدمات کی معطلی کا قدم امن وامان کی صورتحال کو بنائے رکھنے اور سوشل میڈیا پر کسی بھی طرح کی افواہ بازی کو روکنے کے لئے اٹھایا گیا تھا’۔

TOPPOPULARRECENT