Wednesday , November 22 2017
Home / Top Stories / کشمیر میں موسلا دھار بارش ، کئی علاقوں میں سیلاب جیسی صورتحال

کشمیر میں موسلا دھار بارش ، کئی علاقوں میں سیلاب جیسی صورتحال

دریائے جہلم کی سطح آب میں اضافہ ،رام منشی باغ کے علاوہ نشیبی علاقے میں چوکسی

سری نگر6اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وادئ کشمیر کے دس اضلاع اور خطہ چناب و پیرپنچال کے پانچ اضلاع میں چہارشنبہ اور جمعرات کی درمیانی شب کے دوران ہونے والی موسلادھار بارش سے درجنوں علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ۔جموں خطہ کے ضلع پونچھ میں 20 سے زائد افرادسیلابی ریلے میں پھنس گئے ہیں جبکہ ضلع راجوری میں ایک خاتون بجلی گرنے سے جاں بحق ہوگئی ہے۔ ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ پونچھ کے کلائی برج اور سرنکوٹ میں سیلابی ریلوں میں پھنسنے والے 20 سے زائد افراد کو متاثرہ علاقے سے باہر نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔جموں خطہ کے ضلع ریاسی کے ماہور علاقہ میں شدید بارش کی وجہ سے عبدالرحیم نامی ایک شخص کا مکان گرنے سے اُس کی قریب 40 بھیڑیں ہلاک ہوگئی ہیں۔ ادھر وادی میں دریائے جہلم میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافے اور اس کی معاون ندی نالوں میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافے کے بعد انتظامیہ نے بیشتر خطرے والے علاقوں میں سیلاب کا الرٹ جاری کردیا ہے۔ اگرچہ دریائے جہلم پانی کی سطح ناپنے والے تینوں علاقوں سنگم ، رام منشی باغ اور اشم میں خطرے کے نشان سے نیچے بہہ رہا ہے ، تاہم ماہرین کے مطابق اگلے 24 گھنٹوں کے دوران جنوبی کشمیر میں واقع پہاڑوں اور ندی نالوں کا پانی اس میں داخل ہونے سے جہلم میں پانی کی سطح تیزی سے بڑھنے کا امکان ہے ۔محکمہ اریگیشن اینڈ فلڈ کنٹرول کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ مسلسل بارشوں کے سبب سنگم اور رام منشی باغ کے مقامات پر دریائے جہلم نے الرٹ کی سطح جو کہ بالترتیب 18 فٹ اور 16 فٹ مقرر ہے ، کو عبور کرلیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس کے پیش نظر جنوبی اور وسطی کشمیر میں جہلم کے کناروں کے نزدیک اور نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں سے کہا جاتا ہے کہ وہ چوکنا رہے ۔وادی بھر میں جمعرات کو سیلابی صورتحال کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔ شدید بارشوں اور برف باری کے سبب وادی کا بیرون دنیا سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے ۔سری نگر جموں قومی شاہراہ مختلف مقامات پر مٹی کے تودے گرآنے کی وجہ سے بند کردی گئی ہے ۔ بارش اور برف باری کے سبب وادی میں ریل سروس بھی متاثر ہوگئی ہے ۔اس کے علاوہ لائن آف کنٹرول پر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والی تجارتی سرگرمیاں بھی معطل ہوگئی ہیں۔شدید برف باری اور بارش کے پیش نظر وادی کے تمام اسکولوں اور کالجوں میں 9 اپریل تک تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT