Sunday , December 17 2017
Home / ہندوستان / کشمیر میں چوٹی کاٹنے کا سلسلہ 44 ویں دن میں داخل

کشمیر میں چوٹی کاٹنے کا سلسلہ 44 ویں دن میں داخل

سری نگر ، 19 اکتوبر (یو ا ین آئی) وادی کشمیر میں خواتین کی جبری بال تراشی کا سلسلہ جمعرات کو 44 ویں دن میں داخل ہوگیا۔ اس دوران بال تراشی کے تازہ واقعات کے خلاف وسطی کشمیر کے تین اضلاع سری نگر، بڈگام اور گاندربل کے علاقوں میں شدید احتجاجی مظاہروں کے ساتھ ساتھ ہڑتال کی وجہ سے عام زندگی متاثر دیکھی گئی۔ سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ سری نگر کے حضرت بل علاقہ کے دھوبی محلہ میں گذشتہ رات نامعلوم افراد نے ایک خاتون کے بال کاٹ لئے ۔ اس واقعہ کے خلاف حضرت بل کے دھوبی محلہ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں جمعرات کو دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی۔ ہڑتال کے دوران مرد و زن نے ٹولیوں کی شکل میں سڑکوں پر آکر ملوثین کی فوری گرفتاری کے حق میں صدائے احتجاج بلند کیا۔ ضلع بڈگام سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بیروہ میں جمعرات کی صبح بال کاٹنے کا تازہ واقعہ پیش آیا۔ اس واقعہ کے خلاف نہ صرف قصبے میں شدید احتجاجی مظاہرے بھڑک اٹھے بلکہ احتجاجی ہڑتال بھی کی گئی۔

TOPPOPULARRECENT