Saturday , February 24 2018
Home / Top Stories / کشمیر کیلئے آزادی موزوں نہیں ، پڑوسیوں کے پاس ایٹم بم تشویشناک : فاروق عبداﷲ

کشمیر کیلئے آزادی موزوں نہیں ، پڑوسیوں کے پاس ایٹم بم تشویشناک : فاروق عبداﷲ

سرینگر۔ 11 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) جموں وکشمیر کی سب سے قدیم سیاسی جماعت نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کا مطالبہ کرنا صحیح نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر چاروں طرف سے خشکی سے گھرا ہواخطہ ہے اور اس کے ممکنہ تینوں پڑوسی چین، پاکستان اور ہندوستان ایٹم بم رکھتے ہیں۔ اور کشمیریوں کے پاس اللہ کے سوا کچھ بھی نہیں ہے ۔ فاروق عبداللہ نے ان باتوں کا اظہار آج یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کامپلکس میں یوتھ نیشنل کانفرنس، ضلع صدور اور اقلیتی سیل کے عہدیداران کے اجلاسوں کے موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ(فاروق عبداللہ) پوری دنیا سے کہنا چاہتے ہیں کہ کشمیر کا جو حصہ پاکستان کے پاس ہے ، وہ پاکستان کا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو حصہ ہندوستان کے پاس ہے ، وہ حصہ ہندوستان کا ہے ۔ تاہم فاروق عبداللہ نے ہندوستان کی متواتر حکومتوں پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان نے کشمیریوں کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے کشمیری عوام کے حقوق پر ضرب لگاتے ہوئے ریاست سے اس کی خودمختاری چھین لی۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ کشمیر میں مکمل امن کی بحالی کے لئے کشمیریوں کے ساتھ ساتھ حکومت پاکستان کے ساتھ بھی بات چیت کی جانی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل کشمیر کے دونوں حصوں کو خودمختاری دینے میں پنہاں ہے ۔ صدرنیشنل کانفرنس نے کشمیر کی مکمل آزادی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ فاروق عبداللہ تو یہ کہتا ہے کہ آزادی کا معاملہ ہی نہیں ہے ۔ ہم لوگ خشکی سے گھرے ہوئے ہیں۔ ایک طرف سے چین، ایک طرف سے پاکستان اور (آزادی کی صورت میں ) ایک طرف سے ہندوستان ہے ۔ تینوں کے پاس ایٹم بم ہیں۔ ہمارے پاس اللہ کے سوا کچھ بھی نہیں ہے ۔ تو پھر یہ جو آزادی کی بات کرتے ہیں، غلط کرتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT