Wednesday , September 26 2018
Home / دنیا / کشمیر کی صورتحال پر سکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا اظہار تشویش

کشمیر کی صورتحال پر سکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا اظہار تشویش

شہریوں کے تحفظ پر زور، سلامتی کونسل میں غور و بحث کا ارادہ نہیں: ترجمان
اقوام متحدہ 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گولڈیز کے ترجمان نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر عالمی ادارہ کے سربراہ کو گہری تشویش ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ تمام رکن ممالک اپنے شہریوں کا تحفظ کریں۔ جموں و کشمیر کے اضلاع اننت ناگ اور شوپیان میں اتوار کو ہندوستانی سکیورٹی فورسیس کی جانب سے انسداد تخریب کارروائی کی تین کارروائیوں میں 13 عسکریت پسندوں کی ہلاکتوں کے پس منظر میں اُنھوں نے یہ ریمارکس کئے ہیں۔ ان کارروائیوں میں فوج کے تین سپاہی اور چار عام شہری بھی ہلاک ہوئے تھے۔ گولڈیز کے ترجمان اسٹیفن ڈوجاریک نے کہاکہ ’’سکریٹری جنرل کو بلاشبہ اُس صورتحال پر گہری تشویش ہے جو ہم نے جموں و کشمیر میں دیکھی ہے۔ اُنھوں نے یاد دلایا کہ بین الاقوامی قانون کے تحت تمام رکن ممالک اپنے شہریوں کے تحفظ کے ذمہ دار ہیں‘‘۔ اُنھوں نے کہاکہ سکریٹری جنرل نے تمام ملکوں پر زور دیا کہ وہ تنازعات کی یکسوئی کے پرامن طریقے تلاش کریں۔ اُنھوں نے کہاککہ جہاں کہیں بھی ہو سویلیئنس کا تحفظ ضروری ہے خواہ وہ غزہ ہو کہ جموں و کشمیر یا پھر یمن میں ہو یہ (سویلئنس کا تحفظ) اس ادارہ کا بنیادی اُصول ہے۔ اس سوال پر کہ آیا سکریٹری جنرل اس واقعہ کی تحقیقات چاہتے ہیں؟ ڈوجاریک نے جواب دیا کہ ’’سویلئنس کا اتلاف خواہ جہاں کہاں بھی ہو اس کی تحقیقات کی ضرورت ہوتی ہے‘‘۔ اس دوران سلامتی کونسل کے موجودہ صدر ملک پیرو کے سفیر گستاؤ میزا ۔ کواڈرا نے کہاکہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

TOPPOPULARRECENT