Thursday , November 23 2017
Home / ہندوستان / کشمیر کے بازاروں میں رونق بحال، جامع مسجد کا محاصرہ ہٹالیا گیا

کشمیر کے بازاروں میں رونق بحال، جامع مسجد کا محاصرہ ہٹالیا گیا

سری نگر ، 19 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر میں ہفتہ کو 133 دنوں بعد کوئی ہڑتال نہیں رہی جس کے باعث نہ صرف معمولات زندگی بحال ہوئے بلکہ وادی کے تمام بازاروں بالخصوص سری نگر کے سیول لائنز میں عرفہ جیسا سماں نظر آیا۔وادی میں اتوار کو بھی کوئی ہڑتال نہیں ہوگی۔ 133 دنوں بعد ہڑتال میں دو روزہ ڈھیل کا اعلان علیحدگی پسند قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ مولوی عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے جاری کردہ اپنے تازہ ہفتہ وار احتجاجی کلینڈر میں کیا تھا۔ وادی میں گزشتہ 133 دنوں میں پہلی مرتبہ سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ نمودار ہوااور سری نگر کے سیول لائنز میں ٹریفک جام کے بدترین مناظر دیکھنے کو ملے ۔ وادی 8 جولائی کو حزب المجاہدین کمانڈر برہان وانی اور اُن کے دو دیگر ساتھیوں کی جنوبی کشمیر کے ایک گاؤں میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں ہلاکت کے بعد ابل پڑی تھی۔وادی میں ٹرین سروس کو بھی جزوی طور پر بحال کردیا گیا ہے ۔ تاہم ریلوے ذرائع کے مطابق شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور جموں خطہ کے بانہال کے درمیان ریل سروس کو بحال ہونے میں ابھی کم از کم دس دن لگ سکتے ہیں۔ دوسری جانب پائین شہر میں واقع تاریخی جامع مسجد کے اردگرد گزشتہ ساڑھے چاہ ماہ سے جاری محاصرہ ہٹالیا گیا جس کے بعد جامع مارکیٹ میں دکانیں اور تجارتی مراکز کھل گئے ۔اس تاریخی جامع مسجد میں گذشتہ 19 ہفتوں کے دوران ایک بھی دفعہ نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ مورخین کے مطابق 1842 ء کے بعد ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ جب کسی حکومت نے سری نگر کی تاریخی جامع مسجد کو مسلسل چار ماہ تک مقفل رکھا۔ 19 ویں صدی میں اس تاریخی مسجد کو سکھ حکمرانوں نے 1819 ء سے 1842 ء تک مسلسل 23  برسوں تک بند رکھا تھا۔ہڑتال میں دو روزہ ڈھیل کے پیش نظر وادی کے سبھی علاقوں بشمول سری نگر میں کڑاکے کی ٹھنڈ کے باوجود تقریباً سبھی دکانیں اور تجارتی مراکز ہفتہ کی علی الصبح ہی کھل گئے تھے جبکہ اہلیان وادی نے بھی شاپنگ کی۔
ہفتہ کی صبح سیول لائنز کا دورہ کیا، نے بیشتر تجارتی مراکز بشمول تاریخی لال چوک، ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ، گونی کھن، ریذیڈنسی روڑ، مولانا آزاد روڑ، مہاراجہ بازار، بتہ مالو، اقبال پارک، ڈلگیٹ ، ریگل چوک اور بڈشاہ چوک میں بیشتر دکانیں کھلی دیکھی۔

TOPPOPULARRECENT