Monday , December 18 2017
Home / ہندوستان / کشمیر کے حالات میں بہتری ، سیکورٹی اداروں سے عوام کا تعاون

کشمیر کے حالات میں بہتری ، سیکورٹی اداروں سے عوام کا تعاون

بارہمولہ ، 26جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر کے پولیس سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے کہا کہ وادی کے حالات میں نمایاں بہتری آئی ہے جس کے لئے اہلیان وادی مبارکبادی کے مستحق ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ریاستی پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز کو وادی میں انسداد عسکریت پسندی کی کاروائیوں کی انجام دہی میں مقامی لوگوں کا بھرپور تعاون حاصل ہورہا ہے ۔ ڈاکٹر ایس پی وید نے ان باتوں کا ظہار آج یہاں ایک تقریب کے موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ وادی میں سرگرم جنگجوؤں کی صحیح تعداد معلوم نہیں ہے ، لیکن ایک اندازے کے مطابق ایسے جنگجوؤں کی تعداد 100 بتائی جارہی ہے ۔ قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے ) کے ہاتھوں 7 علیحدگی پسند لیڈران کی گرفتاری کے بارے میں پوچھے جانے پر پولیس سربراہ نے کہا کہ اگر کسی نے کوئی غلط کام کیا ہے تو اس کو قانون کے شکنجے میں لایا جانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ وادی کے حالات میں نمایاں بہتری آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں جو حالات آج سے آٹھ مہینے پہلے تھے ، اس کے مقابلے میں آج کے حالات بہت بہتر ہیں۔ میں اس کے لئے کشمیر کے لوگوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ وادی میں سرگرم جنگجوؤں کی تعداد پر تضاد ہے ۔ اعداد و شمار بدلتے رہتے ہیں۔ کونسا جنگجو کس تنظیم سے تعلق رکھتا ہے ، اس طرح کی گنتی نہیں ہوتی ہے ۔ لیکن ہمارے پاس وادی میں سرگرم جنگجوؤں کی تعداد سے متعلق ایک اندازہ ہے ۔ اس اندازے کے مطابق یہاں سرگرم جنگجوؤں کی تعداد لگ بھگ 100 ہے ۔ اس دوران سیکورٹی وجوہات کی بناء پر ریلوے خدمات ایک روزہ رکاوٹ کے بعد آج دوبارہ بحال کر دی گئی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT