Tuesday , June 19 2018
Home / شہر کی خبریں / کشن باغ پولیس فائرنگ پر پولیس اور ریونیو حکام سے رپورٹ طلب

کشن باغ پولیس فائرنگ پر پولیس اور ریونیو حکام سے رپورٹ طلب

ایم آر او کی رپورٹ نا مکمل ، خاطیوں اور پولیس کے کردار پر کئی استفسارات ، کمشنر سائبر آباد سے اقلیتی کمیشن وضاحت طلب

ایم آر او کی رپورٹ نا مکمل ، خاطیوں اور پولیس کے کردار پر کئی استفسارات ، کمشنر سائبر آباد سے اقلیتی کمیشن وضاحت طلب

حیدرآباد۔ /5جون، ( سیاست نیوز) اقلیتی کمیشن نے پرانے شہر کے علاقہ کشن باغ میں گذشتہ ماہ پیش آئے پُرتشدد واقعات اور پولیس فائرنگ کے سلسلہ میں پولیس اور ریونیو حکام سے رپورٹ طلب کی ہے۔ کمشنر سائبرآباد اور متعلقہ ایم آر او نے تمام واقعات بشمول پولیس فائرنگ کے سلسلہ میں کمیشن کو تفصیلی رپورٹ روانہ کی۔ اقلیتی کمیشن کا اجلاس صدرنشین عابد رسول خاں کی صدارت میں آج سکریٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں کمیشن کے ارکان پروفیسر مقبول حسین، گوتم جین، محترمہ قرۃ العین، سرجیت سنگھ اور دوسروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں کمشنر سائبرآباد اور ایم آر او کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ کا جائزہ لیا گیا اور کمیشن نے محسوس کیا کہ دونوں رپورٹس نامکمل ہیں۔ لہذا مزید وضاحتوں کے ساتھ پولیس کو نوٹس جاری کی گئی ہے۔ پولیس سے اس بات کی وضاحت طلب کی گئی کہ کھلے عام ہتھیاروں کے ساتھ پولیس کی موجودگی میں اشرار کے گھومنے اور پُرتشدد کارروائیوں پر پولیس نے تماشائی کا رول کیوں ادا کیا۔ کمیشن نے اس بات کی بھی وضاحت طلب کی ہے کہ کس عہدیدار نے پولیس فائرنگ کی اجازت دی تھی۔ اس کے علاوہ خاطیوں کے خلاف کارروائی اور ایف آئی آر کے اندراج کے سلسلہ میں بھی پولیس سے وضاحت طلب کی گئی۔ کمشنر سائبرآباد کو اندرون 15یوم کمیشن کو جواب داخل کرنا ہوگا۔ اسی دوران اقلیتی کمیشن نے اپنی سالانہ کارکردگی پر مشتمل رپورٹ تیار کرلی ہے اور بہت جلد اسے ریاستی گورنر ای ایس ایل نرسمہن اور چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کو پیش کیا جائے گا۔صدرنشین اقلیتی کمیشن کے دورہ امریکہ کے ساتھ ہی کمیشن نے باقاعدہ طور پر اپنی کارکردگی کا آغاز کردیا ہے اور عوامی مسائل کی سماعت و محکمہ جات سے رپورٹس کی طلبی کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ صدر نشین نے بتایا کہ عوامی مسائل پر باقاعدہ سماعت اور کمیشن کے ہفتہ واری اجلاس میں درخواستوں کا جائزہ لیتے ہوئے ضروری کارروائی کی جائے گی۔ کمیشن نے آج کے اجلاس میں بعض اقلیتی اداروں سے متعلق شکایات کا جائزہ لیا۔

TOPPOPULARRECENT