Sunday , October 21 2018
Home / شہر کی خبریں / کشن باغ کا جی ایچ ایم سی پارک افتتاح کا منتظر

کشن باغ کا جی ایچ ایم سی پارک افتتاح کا منتظر

سائیکلنگ ٹریک مکمل ، سائیکلوں کی فراہمی پر غور ، مقامی افراد پارک کے عدم افتتاح پر بے چین
حیدرآباد۔7مارچ (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ کشن باغ میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے تعمیر کیا گیا پارک گذشتہ 4ماہ سے افتتاح کا منتظر ہے لیکن منتخبہ عوامی نمائندوں اور متعلقہ وزیر کا وقت نہیں مل پارہا ہے یا پھر انہیں اس پارک کا افتتاح عین انتخابات کے قریب کرنا ہے۔ میر عالم تالاب سے متصل کشن باغ کے علاقہ میں عوام کے لئے تیار کئے گئے پارک اور سائیکلنگ ٹریک کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے لیکن اس پارک کو ابھی عوام کیلئے کھولا نہیں گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق سے اس پارک کے افتتاح کے لئے وقت حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن گذشتہ تین ماہ سے کاموں کی تکمیل کے باوجود اس پارک کو عوام کیلئے نہ کھولے جانے پر عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے ابتداء میں میرعالم تالاب سے متصل اس پارک کے ساتھ فش اکویریم بنانے کا منصوبہ تیار کیا تھا لیکن حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے جی ایچ ایم سی کے اس منصوبہ کو اجازت نہیں دی جس کے سبب مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے اس مقام پر پارک کے ساتھ سائیکلنگ ٹریک کی تعمیر کو ممکن بنانے کا فیصلہ کیا تھا اور اکٹوبر 2017میں جی ایچ ایم سی کی جانب سے نومبر میں ہی اس پارک کے افتتاح کو یقینی بنانے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن اس کے بعد سے صرف تاریخ تبدیل کی جا رہی ہیں اور قطعی تاریخ کے سلسلہ میں کوئی بھی عہدیدار کچھ بھی کہنے سے قاصر ہے۔ بتایاجاتاہے کہ پرانے شہر کے ترقیاتی کامو ںمیں اس پارک کے افتتاح کو بھی شامل رکھنے کا منصوبہ تیا رکیا گیا ہے اور انتخابات سے قبل حکومت اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شہریوں کو یہ پارک تحفہ کے طور پر دیا جائے گا اور اس کے ساتھ مزید دو اور پارک کے لئے جگہ کی نشاندہی کی جائے گی تاکہ عوام کا حکومت پر اعتماد میں اضافہ ہو۔ پرانے شہر کے علاقہ کشن باغ میں تعمیر کئے جانے والے4.5ایکڑ پر محیط اس پار ک کے لئے زائد از 6کروڑ روپئے خرچ کئے جا چکے ہیں اور اس پارک میں عوام کیلئے فوڈ کورٹ کے علاوہ کینٹین بھی موجود ہوگا اور چہل قدمی کرنے والوں کی سہولت کیلئے بھی ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے جبکہ پارک میں سائیکلنگ کی غرض سے پہنچنے والوں کو سائیکل کی فراہمی کے سلسلہ میں بھی غور کیا جا رہاہے۔ بتایاجاتاہے کہ جی ایچ ایم سی نے سائیکل کی فراہمی کے سلسلہ میں ایجنسیوں سے مذاکرات شروع کردیئے ہیں اور ان مذاکرات کے کامیاب ہونے کی صورت میں پارک میں سائیکلنگ کے خواہشمندوں کو سائیکل کی فراہمی بھی عمل میں لائی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT