Monday , April 23 2018
Home / کھیل کی خبریں / کلارک آسٹریلیائی ٹیم کی دوبارہ نمائندگی کیلئے تیار

کلارک آسٹریلیائی ٹیم کی دوبارہ نمائندگی کیلئے تیار

ممبئی۔9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)آسٹریلیائی کرکٹ کو بحران سے بچانے کیلئے سابق کپتان مائیکل کلارک نے سبکدوشی واپس لینے اورآسٹریلیا کی دوبارہ نمائندگی کی پیشکش کردی۔ بال ٹیمپرنگ اسکینڈل میں کپتان اسٹیون اسمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر پر فی کس ایک برس کی پابندی سے ٹیم مشکل صورتحال سے دوچارہوگئی ہے جس کوجنوبی افریقہ کے خلاف آخری ٹسٹ میں شرمناک شکست کا بھی منہ دیکھنا پڑا ہے۔ اپنی ٹیم کو مشکل میں دیکھ کر سابق کپتان مائیکل کلارک سامنے آگئے ہیں، انھوں نے سبکدوشی واپس لے کر دوبارہ سے ٹیم کرنے کی پیشکش بھی کردی ہے۔آئی پی ایل میں ذمہ داری کی وجہ سے ہندوستان میں موجود37 سالہ مائیکل کلارک نے کہا کہ میری نظر میں عمر کوئی معنی نہیں رکھتی، براڈ ہاگ 45 برس کی عمر تک کھیلتے رہے ہیں، میرے خیال میں کھیل کا تعلق آپ کی عمر نہیں بلکہ آپ کے عزائم سے ہے، میرے لیے یہ دوبارہ بائیک کی سواری جیسا ہے، میں خود کو پہلے ہی کی طرح فٹ محسوس کرتا ہوں، کھیل سے دورہونے کی وجہ سے میرا جسم بھی زیادہ بہتر ہوگیا ہے۔مائیکل کلارک کے بموجب انھوں نے اپنی اس پیشکش کے بارے میں بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو جیمز سدرلینڈ کو مطلع کردیا ہے تاہم ان کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ مجھے کرکٹ میں اچھی چیزوں کے ساتھ کچھ برے اوقات کا بھی تجربہ ہوا، میں ٹیم میں شامل نوجوان کھلاڑیوں کی مدد کرسکتا ہوں تاکہ جب تک دوسرے کھلاڑی واپس نہیں آجاتے تب تک ہر ایک کو پوری توجہ صرف کرکٹ پر مرکوز رکھنا چاہیے۔بال ٹیمپرنگ کے حوالے سے کلارک نے کہا کہ میں اس بارے میں پریشان ہوں، میں نہیں چاہتا کہ ہمارا حشر بھی ویسٹ انڈیز جیسا ہو، ہم کوئی اگلے پانچ برس کیلیے بات نہیں کررہے ، یہ اگلے 6 ماہ کا مسئلہ اور ہمیں اس کو حل کرنے کی ضرورت ہے، اگر کرکٹ آسٹریلیا نے مجھے طلب کیا تو پھر میں ہر طرح سے ان کی مدد کرنے کیلیے تیار ہوں گا۔

TOPPOPULARRECENT