کلارک کے بغیر آسٹریلیا ورلڈ کپ نہیںجیت سکتا : شین وارن

ملبورن ۔ 2 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) افسانوی اسپنر شین وارن نے اپنے اس احساس کا اظہار کیا کہ چار مرتبہ ورلڈ چمپیئن رہ چکا آسٹریلیا، اپنے ماہر کھلاڑی مائیکل کلارک کے بغیر ورلڈکپ 2015ء نہیں جیت سکے گا۔ کلارک کھیل میں دوبارہ واپسی کے بعد ہفتہ کو سڈنی میں کلب کے ایک میچ میں 51 رن بنایا تھا۔ ڈسمبر میں زخمی ہونے کے بعد ان کی سرجری کی گئی تھی۔ 31 سالہ کپتان ایڈیلیڈ میں ہندوستان کے خلاف پہلے میچ میں زخمی ہوگئے تھے۔ بعدازاں اسٹیواسمتھ اور جارج بائیلے نے بالترتیب ٹسٹ میچوں اور ونڈے انٹرنیشنل میچوں میں کپتانی کی ذمہ داری نبھائی تھی۔ وارن نے اسکائی اسپورٹس سے کہا کہ ’’میں نہیں سمجھتا کہ کلارک کے بغیر آسٹریلیا، ورلڈ کپ جیت سکتا ہے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’آسٹریلیا 12 ماہ سے زائد عرصہ سے پریشانی کا شکار تھا لیکن ان (کلارک) کی کپتانی میں انہوں نے صفر کے مقابلہ سے پانچ سے ایشیس سیریز جیت لیا۔ بعدازاں جنوبی افریقہ کو جنوبی افریقہ میں شکست دی‘‘۔ شین وارن نے کہا کہ ’’ہم سب کلارک کی سونچ کو پسند کرتے ہیں اور بحیثیت کپتان ان کے طریقہ کار کی ستائش کرتے ہیں۔ چنانچہ میں ان کو پہلے کھیل میں بھیجنا چاہتا ہوں اور اگر وہ اپنی فٹنس ثابت کردیں گے تو کہوں گا کہ یہ ہماری طرف سے، باہر آئے اور کھیلے‘‘۔ ورلڈ کپ ٹورنمنٹ میں میزبان آسٹریلیا کا پہلا مقابلہ انگلینڈ سے اور معاون میزبان نیوزی لینڈ کا پہلا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا۔ آسٹریلیا کو 1987، 1999، 2003 اور 2007ء میں ورلڈ کپ میں فتح حاصل ہوئی تھی۔

TOPPOPULARRECENT