Sunday , November 19 2017
Home / اضلاع کی خبریں / کلواکرتی میں 1100 خاندان اناج سے محروم

کلواکرتی میں 1100 خاندان اناج سے محروم

آدھار میں غلط اندراج کی وجہ راشن کارڈس منسوخ ہونے کی اطلاع

کلواکرتی۔/12اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کلواکرتی منڈل کے تقریباً 1100 گھرانے اس ماہ اناج سے محروم ہیں۔ تفصیلات کے مطابق راشن کارڈ کے لئے آدھار کارڈ کو لازم قرار دیا گیا ہے جبکہ گزشتہ ماہ تک عوام کو بغیر کسی الجھن کے اناج کو ڈیلرس سے حاصل کرنے میں کوئی پریشانی نہیں ہورہی تھی۔ اس ماہ سے وہ راشن لانے کیلئے ڈیلر کے پاس پہنچے تو پتہ چلا کہ آپ کا کارڈ منسوخ کردیا گیا ہے اور وجہ بتانے سے ڈیلر قاصر ہیں اور دوبارہ اپنے آدھار کارڈ جمع کرانے کو کہہ رہے ہیں۔ جب عوام دفتر سے رجوع ہورہے ہیں تو پہلے می سیوا سنٹر جاکر اپنے فوڈ سیکوریٹی کارڈ لانے کو کہہ رہے ہیں اس کے بعد وجہ بتائی جائے گی۔جس کے بعد عوام می سیوا مراکز پر فی پرنٹ 10روپئے کے حساب سے حاصل کرکے عہدیداروں سے رجوع ہورہے ہیں تو بتایا جارہا ہے کہ نام کے غلط اندراج کی وجہ سے آپ کا کارڈ ریجکٹ کردیا گیا ہے۔ بہرکیف معصوم عوام کے کارڈس ریجکٹ ہونے کے سبب اس ماہ ان کے گھر اناج نہیں پہنچ رہا ہے،اب اس کے ذمہ دار کون ہیں ، کیا یہ عوام اس ماہ بھوکے رہ کر گذارا کرلیں یا پھر انہیں اپنے پیٹ بھرنے کیلئے کیا کرنا پڑے گا؟۔

جب نمائندہ نے تحصیلدار شیام سندر سے بات کی تو انہوں نے بتایا کہ غلط اندراج کے سبب ایسا ہوا ہے اس سوال پر کہ یہ مسئلہ 1100خاندانوں کا ہے اب اس کے متبادل کے طور پر کیا ہوگا؟ تو انہوں نے بتایا کہ کچھ بھی نہیں کیا جاسکتا۔ اگر عوام اس ماہ کی 15تاریخ سے قبل دوبارہ اپنے آدھار کارڈ دے کر اندراج کروالیں گے تو انہیں آئندہ ماہ اناج ملے گا اور اگر 15تاریخ کے بعد  اندراج کروائیں گے تو انہیں آئندہ ماہ بھی اناج نہیں ملے گا۔یہ تمام پریشانی کی وجہ آپریٹرس کی غلطی ہے جنہوں نے غلط اندراج کرتے ہوئے عوام کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ جب کبھی بھی عوام کو راشن کارڈ کیلئے پروف مانگا گیا تو عوام نے ہمیشہ آدھار کارڈ ہی دیا ہے اور اس سے قبل بھی دو تین مرتبہ عوام سے آدھار کارڈ کی کاپیاں وصول کی گئی ہیں اب یہ کہنا کہ جو اندراج ہوا ہے اس سے آپ کا آدھار میچ نہیں ہورہا ہے تو یہ کس کی غلطی کی وجہ سے ہورہا ہے سب بہتر جانتے ہیں جبکہ عوام کے پاس شروع سے وہی آدھار موجود ہے جو انہوں نے پہلے دیا تھا۔ بہر حال کچھ بھی ہو اس ماہ تو 1100 خاندان اپنے گھر کے چولہے کیسے جلائیں گے اور اپنے پیٹ کی آگ کیسے بجھائیں گے اور کون اس کا ذمہ دار ہے ؟ ان باتوں سے ہر کوئی پریشان ہے۔

TOPPOPULARRECENT