Monday , December 11 2017
Home / شہر کی خبریں / کلکٹریٹ میں ملازمین پر وقت کی پابندی کا لزوم

کلکٹریٹ میں ملازمین پر وقت کی پابندی کا لزوم

بائیو میٹرک مشینوں کی تنصیب کا حکم ، تاخیر سے آکر وقت پر آنے کا بہانہ ختم
حیدرآباد ۔ 10 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : کلکٹریٹ ملازمین کو اب وقت کی پابندی ہر حال میں کرنی ہوگی اور دفتری اوقات میں کسی بھی صورت میں عوام کے لیے دستیاب رہنا ہوگا ۔ تاخیر سے آکر دستخط کر کے وقت پر حاضری درج کر کے بچ جانے والے ملازمین کی اب خیر نہیں کیوں کہ ضلع کلکٹر یوگیتا رانا نے ملازمین کی حاضری کو باقاعدہ بنانے کے لیے بائیو میٹرک سسٹم لاگو کررہی ہیں اور انہوں نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر ایک ملازم باقاعدہ بائیو میٹرک حاضری درج کرے ۔ کلکٹر کے اس فیصلہ سے ملازمین میں ہلچل مچی ہوئی ہے ۔ کلکٹر نے جاریہ ماہ کی 16 تاریخ تک تمام دفاتر میں بائیو میٹرک مشینوں کی تنصیب مکمل کرنے کا حکم دیا ہے ۔ جس کی وجہ سے عہدیداران وقت کے اندر بائیو میٹرک مشینوں کی تنصیب کے لیے بھاگ دوڑ کررہے ہیں ۔ واضح ہو کہ محکمہ مال کے دفاتر میں عہدیداران اور ملازمین من مانے انداز میں دفاتر آتے ہیں جس کی وجہ سے عوام کو ان دفاتر کے پاس گھنٹوں انتظار کرنا پڑرہا ہے ۔ اسی وجہ سے ضلع کلکٹر یوگیتا رانا نے حالیہ دنوں میں منڈل دفاتر کی اچانک تنقیح کے لیے کمیٹیاں تشکیل دی تھیں اور اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ ملازمین تاخیر سے آکر صحیح وقت پر آنے کی حاضری درج کررہے ہیں ۔ اور اس طرح کے واقعات سکندرآباد ڈیویژن میں زیادہ ہورہے تھے جب کہ بعض ملازمین تاخیر سے دفتر آکر دفتری کام سے باہر جانے کا ادعا پیش کررہے تھے اور ملازمین کی من چاہی حاضری پر دفاتر میں روک نہ ہونے کی وجہ سے ماہانہ مکمل تنخواہ ان کے بینک اکاونٹس میں باقاعدہ روانہ ہورہی ہے ۔ تحقیقات میں ان تمام انکشافات کے بعد ضلع کلکٹر نے ملازمین و عہدیداران میں تبدیلی لانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے عہدیداران کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ملازمین کی تفصیلات اور ان کے دفتری اعمال کی راز دارانہ رپورٹ حاصل کرلی ہیں اور اس کی بنیاد پر ضلع کلکٹر نے تمام دفاتر میں بائیو میٹرک حاضری کو لازمی قرار دیا ہے ۔ بائیو میٹرک نظام پر عمل آوری لازمی ہوگی اور ہر عہدیدار و ملازم کو بائیو میٹرک میں آمد وقت کا اندراج کرانا ہوگا اگر کوئی اندراج نہ کرنے تو اس دن کو رخصت تصور کیا جائے گا اور ملازمین کی حاضری کو کلکٹریٹ اے او یقینی بنائیں گے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی بھی ہوگی ۔ محترمہ یوگیتا رانا نے تمام منڈلس کے عہدیداران کو بھی اپنے اپنے دفاتر میں بائیو میٹرک مشینوں کی تنصیب کا حکم دیا ہے اور 16 اکٹوبر سے بائیو میٹرک حاضری درج نہ کرنے پر سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے ۔ جن دفاتر میں تاحال بائیو میٹرک نظام متعارف نہیں کیا گیا ہے ان دفاتر کے عہدیداران اپنے اعلیٰ عہدیداران سے بائیو میٹرک مشینوں کی فراہمی کے لیے نمائندگیاں کررہے ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT