Sunday , July 22 2018
Home / شہر کی خبریں / کلکٹر حیدرآباد یوگیتا رانا کی اردو دانی متاثر کن

کلکٹر حیدرآباد یوگیتا رانا کی اردو دانی متاثر کن

حیدرآباد کو سنہرا بنانے دعاؤںکی خواہش، اقلیتوں کو اسکیمات سے استفادہ کا مشورہ

حیدرآباد۔/17مارچ، ( سیاست نیوز) کلکٹر حیدرآباد ڈاکٹر یوگیتا رانا نے آج اپنی اردو دانی کے مظاہرہ کے ذریعہ قائدین اور مساجد کمیٹیوں کے ذمہ داروں کو حیرت میں ڈال دیا۔ ڈاکٹر یوگیتا رانا جنہوں نے حیدرآباد میں 196 مساجد کیلئے گرانٹ اِن ایڈ کی اجرائی کے سلسلہ میں تقریب منعقد کی تھی اپنی خیرمقدمی تقریر فصیح اردو میں کی اور کہا کہ جب کبھی اردو میں بات کرنے کا موقع ملتا ہے انہیں اپنی ریاست جموں کشمیر کی یاد آجاتی ہے اور حیدرآباد میں اردو میں بات کرنے میں وہ خوشی محسوس کرتی ہیں۔ یوگیتا رانا نے اقلیتوں سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی اسکیمات سے استفادہ کے سلسلہ میں حیدرآباد کلکٹریٹ سے رجوع ہوں ۔ مساجد اور عید گاہوں کیلئے گرانٹ اِن ایڈ، شادی مبارک اور اِسکل ڈیولپمنٹ کے تحت مختلف پیشہ ورانہ کورسیس میں تربیت جیسے اُمور کے سلسلہ میں اقلیتیں بلاجھجھک کلکٹریٹ سے رجوع ہوسکتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اقلیتوں کی ترقی کے سلسلہ میں کئی اسکیمات تیار کی ہیں جن سے استفادہ کیا جانا چاہیئے۔ یوگیتا رانا نے کہا کہ حیدرآباد کلکٹر کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھالنے کے بعد انہیں مختلف گوشوں سے شکایت موصول ہوئی کہ کئی برسوں سے مساجد کو گرانٹ اِن ایڈ جاری نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے شہر کے ارکان اسمبلی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اپنے حلقہ کی مساجد اور عید گاہوں کی نشاندہی کرنے کی خواہش کی۔ اس اسکیم کے سلسلہ میں حیدرآباد میں 2 کروڑ کا بجٹ موجود ہے۔ ہر رکن اسمبلی نے انہیں مساجد کی فہرست روانہ کی۔ متعلقہ ایم آر او، جی ایچ ایم سی اور سرواسکھشا ابھیان کے انجینئرس کے ذریعہ مساجد کا اسٹیمیٹ تیار کیا گیا۔ 600 درخواستیں داخل کی گئی تھیں جن میں 196 کو درکار قواعد کے تحت پایا گیا اور انہیں پہلی قسط کے طور پر 50 فیصد رقم کے چیکس حوالے کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باقی 300مساجد کیلئے بھی چیف منسٹر سے زائد فنڈ حاصل کرتے ہوئے گرانٹ اِن ایڈ جاری کی جائے گی۔ کلکٹر حیدرآباد نے بتایا کہ پہلی قسط کی رقم کا کام مکمل کرتے ہوئے اس کی رپورٹ کلکٹریٹ کو دی جائے اور 24 گھنٹوں میں دوسری قسط کی رقم جاری کردی جائے گی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ شادی مبارک اسکیم کی درخواستوں کی یکسوئی میں کسی قدر تاخیر ہوئی ہے۔ یوگیتا رانا نے کہا کہ اندرون ایک ہفتہ زیر التواء درخواستوں کی یکسوئی کردی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اِسکل ڈیولپمنٹ کے تحت مختلف کورسیس میں ایس ایس سی اور انٹرمیڈیٹ میں ناکام یا تعلیم ترک کرنے والے طلبہ کیلئے ٹریننگ کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ اس سلسلہ میں 200 امیدواروں کی نشاندہی کی گئی ہے جنہیں چھ تا نو ماہ کی ٹریننگ فراہم کی جاتی ہے جس کے بعد خانگی اداروں میں روزگار فراہم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمت کا حصول ہر کسی کیلئے ممکن نہیں ہے کیونکہ اس میں سخت مسابقت ہوتی ہے لہذا اِسکل ڈیولپمنٹ ٹریننگ کے ذریعہ خانگی اداروں میں ملازمتیں حاصل کی جاسکتی ہیں۔ چیف منسٹر نے اس اسکیم کے تحت 2 کروڑ روپئے الاٹ کئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ معذور بچوں کیلئے ٹریننگ کی خصوصی اسکیم ہے جس کے تحت ہر بچہ پر ایک لاکھ روپئے خرچ کئے جاسکتے ہیں۔ رہائشی سہولت کے ساتھ چھ ماہ کی ٹریننگ دی جاتی ہے۔ انہوں نے عوامی نمائندوں کے خواہش کی کہ وہ ٹریننگ کے سلسلہ میں بچوں کا انتخاب کرتے ہوئے ان کی فہرست روانہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اقامتی اسکولوں میں ہر طالب علم پر 80 ہزار تا ایک لاکھ روپئے حکومت خرچ کررہی ہے۔ کلکٹر حیدرآباد نے غریبوں کی مدد کو خدا کی خوشنودی اور قرب حاصل کرنے کا اہم ذریعہ قرار دیا اور کہا کہ تلنگانہ کی طرح حیدرآباد بھی اس وقت سنہرا ہوگا جب ہم غریبوں کی مدد پر توجہ کریں گے۔ انہوں نے مساجد کے ذمہ داروں سے دعاؤں کی درخواست کرتے ہوئے ’ خدا حافظ‘ پر تقریر ختم کی۔ ڈاکٹر یوگیتا رانا کی تقریر کا زبردست خیرمقدم کیا گیا۔ عوامی نمائندوں نے اردو دانی پر انہیں مبارکباد پیش کی۔

TOPPOPULARRECENT