Saturday , November 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / کلے کورٹ پر جوکویچ کو اینڈی نے ہرایا، سرینا کو بھی خطابی فتح

کلے کورٹ پر جوکویچ کو اینڈی نے ہرایا، سرینا کو بھی خطابی فتح

روم ، 16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) برطانوی ٹینس اسٹار اینڈی مرے نے کلے کورٹ پر پہلی مرتبہ عالمی نمبر ایک نواک جوکویچ کو شکست دے کر اٹالین اوپن کا ٹائٹل جیت لیا۔ ایک ہفتے قبل میڈرڈ اوپن کے فائنل میں جوکویچ سے شکست کھانے والے اینڈی نے ایک گھنٹہ اور 35 منٹ کے مقابلے میں 6-3،  6-3 سے کامیابی حاصل کر کے حالیہ شکست کا بدلہ چکا دیا۔ کلے کورٹ پر گزشتہ چاروں میچز جیتنے والے جوکویچ کو رفائل نڈال اور کائی نشکی کوری جیسے سخت حریفوں کے خلاف مقابلے کے بعد تھکن کا سامنا تھا اور یہی ممکنہ طور پر ان کی شکست کی وجہ بن گئی لیکن عالمی نمبر ایک اسٹار نے بارش کے باعث میچ نہ روکے جانے پر اعتراض بھی کیا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ اینڈی مرے نے روم میں کوئی ٹائٹل جیتا ہے جس سے ایک ہفتے بعد شروع ہونے والے فرنچ اوپن کیلئے ان کے حوصلے بلند ہو گئے ہیں۔ اس سے قبل نو ماہ سے کوئی بھی ٹائٹل جیتنے سے محروم امریکی خاتون ٹینس اسٹار سرینا ولیمز نے میڈیسن کیز کو شکست دے کر اٹالین اوپن کا ٹائٹل جیت لیا۔ یہ 2002ء کے بعد پہلا موقع رہا کہ ورلڈ ٹینس اسوسی ایشن کے کلے کورٹ فائنل میں دو امریکی حریف مدمقابل آئے ، جہاں اس سے قبل سرینا نے ہی اپنی بڑی بہن وینس ولیمز کو فرنچ اوپن کے فائنل میں شکست دی تھی۔ دونوں حریفوں کے درمیان پہلے سٹ میں سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا جہاں ٹائی بریکر پر سرینا نے 7-6 سے جیت کر برتری حاصل کی اور اسی کی بدولت اگلا سٹ 6-4 سے جیت کر اپنی ہم وطن کھلاڑی کو شکست سے دوچار کیا۔ یہ اس سیزن میں سرینا کا پہلا اور مجموعی طور پر 70واں ٹائٹل ہے۔

TOPPOPULARRECENT