Saturday , November 25 2017
Home / شہر کی خبریں / کل بھوئی گوڑہ میں 396 مکانات کی غریبوں کو حوالگی

کل بھوئی گوڑہ میں 396 مکانات کی غریبوں کو حوالگی

چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی شرکت ‘ دو بیڈرومس ‘ ہال ‘ کچن و باتھ روم کی سہولیات دستیاب
حیدرآباد 14 نومبر ( پریس نوٹ ) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پیر کو دو بجے دن آئی ڈی ایچ کالونی صنعت نگر میں غریبوں کیلئے تعمیر کئے جانے والے 396 مکانات کی ہاوزنگ اسکیم کا افتتاح انجام دینگے ۔ اس تقریب میں چیف منسٹر ان مکانات کے سابق مکینوں کو مرمت اور نئی تعمیرات کے بعد یہ مکانات حوالے کرینگے ۔ ڈاکٹر جناردھن ریڈی آئی اے ایس کمشنر و اسپیشل آفیسر جی ایچ ایم سی نے ایک پریس نوٹ میں بتایا کہ ان مکانات میں بعض نئے تعمیر کردہ ہیں ‘ بعض کی مرمت کی گئی ہے اور یہاں بنیادی اور اہم سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے صنعت نگر کے رکن اسمبلی ٹی سرینواس یادو کی خواہش پر آئی ڈی ایچ کالونی کا یکم جون 2014 کو دورہ کیا تھا ۔ یہ کالونی پدما راؤ نگر نیو بھوئی گوڑہ سکندرآباد میں واقع ہے ۔ یہاں بلدیہ کی جانب سے 1969 میں 360 مکانات 11 بلاکس میں تعمیر کئے تھے ۔ موجودہ بلاکس کی دیواریں اینٹوں سے تعمیر کردہ اور عمارت G+2 ہے ۔ خراب مینٹیننس اور دوسری وجوہات کی بنا پر 11 کے منجملہ چار بلاکس کی تعمیر نو کی گئی ہے جو انتہائی ابتر حالت میں تھے ۔ چیف منسٹر نے ابتر حالت کی وجہ سے ان مکانات کے انہدام اور تعمیر نو کا حکم دیا تھا تاکہ غریبوں کو دو بیڈرومس ‘ ہال ‘ کچن ‘ باتھ روم وغیرہ کی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ حکومت نے اس سلسلہ میں جی او 30 ستمبر 2014 کو جاری کیا تھا تاکہ 3654 لاکھ روپئے جاری کئے جاسکیں جن سے بنیادی انفرا اسٹرکچر فراہم کیا جاسکے ۔ یہ رقومات درج فہرست ذاتوں اور قبائل کے سب پلان سے جاری کی گئی تھیں۔ ریاستی حکومت نے استفادہ کنندگان سے کسی طرح کا تعاون حاصل کئے بغیر تمام 396 مکانات کی تعمیر کی ذمہ داری قبول کی تھی ۔ مکانات کی تعمیر پر جملہ 3128.40 لاکھ روپئے کے اخراجات آئے جبکہ انفرا اسٹرکچر کی فراہمی 525.60 لاکھ روپئے خرچ ہوئے ہیں۔ فی یونٹ تعمیر پر 7.90 لاکھ روپئے اور انفرا اسٹرکچر کی فراہمی پر 1.33 لاکھ روپئے جمہ 9.23 لاکھ روپئے کا خرچ آیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT