Thursday , December 14 2017
Home / شہر کی خبریں / کل ہند صنعتی نمائش میں تلنگانہ اسٹیٹ اُردو اکیڈیمی کے بُک اسٹال کا افتتاح

کل ہند صنعتی نمائش میں تلنگانہ اسٹیٹ اُردو اکیڈیمی کے بُک اسٹال کا افتتاح

حیدرآباد 8 جنوری (پریس نوٹ) کل ہند صنعتی نمائش میں تلنگانہ اسٹیٹ اُردو اکیڈیمی کے بُک اسٹال کا افتتاح جناب بی شفیع اللہ منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی مالیاتی کارپوریشن تلنگانہ کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر جناب بی شفیع اللہ نے کہاکہ تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی فروغ اردو کی تمام اسکیمات کو بخوبی روبہ عمل لارہی ہے۔ اکیڈیمی کی جانب سے نمائش میں بُک اسٹال کا قیام بھی اکیڈیمی کی اسکیمات کا حصہ ہیں۔ انھوں نے بُک اسٹال کے قیام پر اُردو اکیڈیمی کی ستائش کی۔ پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر ؍ سکریٹری تلنگانہ اسٹیٹ اُردو اکیڈیمی نے کہاکہ اردو اکیڈیمی کی جانب سے گزشتہ تین سال سے نمائش میں بُک اسٹال کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ اُردو اکیڈیمی کی جانب سے قائم کردہ اس بُک اسٹال میں ریاست اور بیرون ریاست کے مختلف مصنفین کی کتابیں رکھی گئی ہیں جن میں سماجی، تاریخی، علمی اور ادبی کتابیں شامل ہیں۔ انھوں نے کہاکہ اردو اکیڈیمی کی جانب سے ہر سال ڈائری اور کیلنڈر کی اشاعت بھی عمل میں لائی جاتی ہے۔ جن کے ذریعہ حکومت تلنگانہ کی اقلیتوں کے لئے جاری مختلف اسکیمات کی تشہیر بھی کی جاتی ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے اُمید ظاہر کی کہ اس اسٹال میں رکھی گئی کتابوں سے محبان اُردو زیادہ سے زیادہ تعداد میں استفادہ کریں گے۔ محمد ارشد مبین زبیری نے کارروائی چلائی اور شکریہ ادا کیا۔ افتتاحی تقریب میں جناب ولایت حسین جنرل منیجر اقلیتی مالیاتی کارپوریشن، رفیع قریشی اسسٹنٹ پی آر، اردو ادیبوں، شعراء کرام، طلباء و طالبات اور محبان اُردو کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اردو اکیڈیمی کے عہدیداران جناب شیخ جعفر، مسٹر وی کرشنا، عطا اللہ خان، ڈاکٹر احتشام الدین خرم، احمد بن اسحاق، جنید اللہ بیگ، اسمٰعیل جاوید، رجب علی پاشاہ، اطہر خان، اختر حسین ، محمد رفیع، محمد انور علی خان، حیدر ولی پاشاہ، یوسف خان، ذاکر حسین، فضل الرحمن و دیگر ارکان عملہ نے تقریب کے انتظامات میں حصہ لیا۔

TOPPOPULARRECENT