Tuesday , October 23 2018
Home / Top Stories / کمارا سوامی کا آج دورہ دہلی ‘ سونیا و راہول سے ملاقات

کمارا سوامی کا آج دورہ دہلی ‘ سونیا و راہول سے ملاقات

تشکیل حکومت پر تفصیلی بات چیت ہوگی ۔ دونوں جماعتوں کیلئے قابل قبول فارمولا دریافت کرنے کوششیں تیز

بنگلورو 20 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) جنتادل ایس کے لیڈر ایچ ڈی کمارا سوامی نے آج کہا کہ وہ کل دہلی کا دورہ کرینگے اور یو پی اے کی صدر نشین سونیا گاندھی اور کانگریس کے صدر راہول گاندھی سے ملاقات کرینگے ۔ کمارا سوامی نے کہا کہ وہ ان دونوں قائدین سے ملاقات کے دوران کابینہ میں توسیع اور ریاست میں تشکیل حکومت کے تعلق سے تفصیلی بات چیت کرینگے ۔ کمارا سوامی نے میڈیا سے کہا کہ کل وہ دہلی جا رہے ہیں اور وہاں وہ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی سے ملاقات کرینگے ۔ اس موقع پر ہم اپنی کابینہ میں توسیع کے تعلق سے بھی بات چیت کرینگے ۔ ان دونوں سے ہر مسئلہ پر بات چیت ہوگی اور یہ دیکھا جائیگا کہ آئندہ پانچ سال کیلئے ایک مستحکم حکومت کس طرح فراہم کی جاسکتی ہے ۔ چیف منسٹر نامزد کمارا سوامی کا یہ کرناٹک انتخابات کے بعد پہلا دورہ دہلی ہوگا ۔ کہا گیا ہے کہ کمارا سوامی چہارشنبہ 23 مئی کو بنگلورو میں بحیثیت چیف منسٹر حلف لیں گے ۔ انہوں نے اپنی تقریب حلف برداری کیلئے اپوزیشن کے کئی اہم قائدین کو مدعو کیا ہے ۔ کئی قائدین نے ان کی حلف برداری میں شرکت کی توثیق بھی کردی ہے ۔ اس دوران کہا گیا ہے کہ جنتادل ایس اور کانگریس قائدین ایک ایسا اتحادی فارمولا تیار کرنے میں مصروف ہیں جو سب کیلئے قابل قبول ہوسکے ۔ خاص طور پر دونوںجماعتوں کے ارکان اسمبلی کیلئے یہ قابل قبول ہونا چاہئے ۔ دونوں ہی جماعتوں کے قائدین کوشش کر رہے ہیں کہ اس مسئلہ پر جو اختلافات ہیں انہیں دور کرلیا جاسکے ۔ اسی سلسلہ کی کڑی کے طور پر کمارا سوامی نے دہلی کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ واضح رہے کہ پہلے یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ کمارا سوامی 21 مئی پیر کو حلف لیں گے لیکن چونکہ 21 مئی کو آنجہانی وزیراعظم راجیو گاندھی کی برسی ہے اس لئے اس میںتبدیلی کی گئی ہے اور 23 مئی چہارشنبہ کو وہ اپنے عہدہ اور راز داری کا حلف لیں گے ۔ کرناٹک میں کل بی جے پی چیف منسٹر بی ایس ایڈورپا ایوان میں اپنی اکثریت ثابت کرنے میں ناکام ہوگئے تھے جس کے بعد انہوں نے استعفی پیش کردیا تھا جس کے بعد کانگریس ۔ جے ڈی ایس حکومت کے قیام کی راہ ہموار ہوگئی تھی ۔ 224 رکنی اسمبلی میں بی جے پی کو 104 نشستیں حاصل ہوئی تھیں جبکہ کانگریس ۔ جے ڈی ایس اتحاد کو 116 ارکان کی تائید حاصل ہے ۔ اب یہ اتحاد نئی حکومت تشکیل دے گا ۔

TOPPOPULARRECENT