Wednesday , April 25 2018
Home / ہندوستان / کمزور طبقات کے تحفظ میں کوئی سمجھوتا نہیں : جماعت اسلامی

کمزور طبقات کے تحفظ میں کوئی سمجھوتا نہیں : جماعت اسلامی

نئی دہلی ، 7 اپریل (پریس نوٹ) جماعت اسلامی ہند ایس سی؍ ایس ٹی (مظالم کی روک تھام کے سلسلے میں) ایکٹ میں کسی قسم کی تخفیف کو روکنے کی کوششوں کی حمایت کر تی ہے۔ جماعت اسلامی ہند کے مرکز میں منعقدہ ماہانہ پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ہند مولانا سید جلال الدین عمری نے کہا کہ جماعت ان تمام چیزوں کی اصولی طور پر مخالفت کرتی ہے جو سماج کے کمزور طبقہ کے آئینی و قانونی تحفظ کو متاثر کرتی ہیں۔کمزور طبقات کے تحفظ کے سلسلے میں کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا۔ جماعت محسوس کرتی ہے کہ سپریم کورٹ کا حالیہ حکم نامہ ایکٹ کی افادیت میں کمی کا موجب ہوگا، قانون کے خوف کو کم کرے گا او ر نتیجتاً مظلوم ذاتوں و قبائل کے خلاف تشدد میں مزید اضافہ ہوگا۔ جماعت امید کرتی ہے کہ عوام کی تشویش کو دور کرنے کیلئے سپریم کورٹ اپنے حالیہ حکم نامہ پرنظر ثانی کرے گی۔ امیر جماعت نے کہا کہ ایس سی؍ ایس ٹی ایکٹ کے سلسلے میں عدالت کے اس حکم نامہ سے تشویش پیدا ہوتی ہے کہ ایکٹ میں اس تبدیلی سے مظلوم طبقات کو مطلوبہ انصاف حاصل نہ ہو سکے گا۔ اگر حکومت ہند سپریم کورٹ کے حکم نامہ پر فوری رد عمل ظاہر کرتی اور اس پر پہلے ہی نظر ثانی کی اپیل داخل کر دیتی تو ملک کا جو جانی و مالی نقصان ہوا ، اس کو ٹالا جا سکتا تھا۔

TOPPOPULARRECENT