Thursday , November 23 2017
Home / جرائم و حادثات / کمسن بچوں کی کھیل کود کے دوران اموات

کمسن بچوں کی کھیل کود کے دوران اموات

حیدرآباد ۔ 7 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : شہر و نواحی علاقہ میں پیش آئے دو علحدہ واقعات کے بعد بچوں کے کھیل کود پر نظر رکھنا انتہائی ضروری سمجھا جارہا ہے ۔ چونکہ گرمائی تعطیلات میں بچے اپنے فطری شرارتی عمل میں مگن رہتے ہیں ایسے میں سرپرستوں کو چاہئے کہ وہ بچوں پر کڑی نظر رکھیں ، شرارت میں ان کے کھیل کود کا عمل ان کے لیے جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے ۔ ایسے ہی دو واقعات آج شہر کے علاقہ ہمایوں نگر اور نواحی علاقہ ملکاجگری میں پیش آئے ۔ ہمایوں نگر پولیس کے مطابق 8 سالہ ڈینس پیٹر عمارت کی پہلی منزل سے مشتبہ طور پر گر کر فوت ہوگئی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق ڈینس پیٹر وجئے نگر کالونی علاقہ کے ساکن شام پیٹر کی بیٹی تھی جو اپنے مکان کی پہلی منزل سے نیچے گر پڑی ۔ یہ کمسن طالبہ پہلی منزل پر کھیل میں مصروف تھی ۔ ملکاجگیری پولیس کے مطابق اس طرح کے ایک اور واقعہ میں 6 سالہ طالبہ لکھیتا جو ملکاجگیری علاقہ کے ساکن ایڈوکنڈالو کی بیٹی تھی ۔ کھیل کے دوران گلے میں رسی کے پھندے سے فوت ہوگئی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق لکھیتا کا واقعہ گذشتہ ہفتہ پیش آیا ۔ لڑکی اپنے مکان میں چھت سے ٹنگی ہوئی رسی کو گلے میں ڈال کر کھیل رہی تھی اور رسی کے ساتھ گھوم رہی تھی کہ رسی تنگ ہونے سے اس کا گلا تنگ ہوگیا اور وہ شدید متاثر ہوگئی جس کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران وہ فوت ہوگئی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT