Wednesday , January 24 2018
Home / جرائم و حادثات / کمسن لڑکے کے اغواء اور قتل میں ملوث شخص گرفتار

کمسن لڑکے کے اغواء اور قتل میں ملوث شخص گرفتار

حیدرآباد ۔ /11 جنوری (سیاست نیوز) بھوانی نگر پولیس نے چار سالہ کمسن لڑکے کے اغواء اور قتل میں ملوث ایک شخص کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ /15 ڈسمبر کو محمد اعجاز علی نے پولیس بھوانی نگر میں شکایت درج کروائی تھی کہ ان کا 4 سالہ کمسن لڑکا عمر علی کا نامعلوم افراد نے اغواء کرلیا ہے ۔ اس سلسلے میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا گیا اور اندرون تین گھنٹے پولیس نے یہ پتہ لگایا کہ مغویہ لڑکے کا اس کے مکان واقع محمد نگر کے قریب بہیمانہ طور پر قتل کیا گیا ۔ پولیس نے اس کیس کی تحقیقات میں مقام واردات سے دستیاب شواہد اور دیگر تفصیلات کی مدد سے 35 سالہ محبوب پٹیل عرف محبوب ساکن محمد نگر ، بھوانی نگر کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزم محبوب پٹیل ، محمد اعجاز علی کا سسرالی رشتہ دار ہے ۔ دونوں کے درمیان آپسی اختلافات چل رہے تھے کہ /14 ڈسمبر کی شب محبوب پٹیل نے اعجاز علی کے مکان میں سرقہ کی نیت سے داخل ہونے کی کوشش کی اور 4 سالہ محمد عمر علی نے محبوب پٹیل کو مکان میں داخل ہوتا ہوا دیکھ لیا ۔ اپنی اس حرکت کو پوشیدہ رکھنے کیلئے محبوب پٹیل نے عمر علی کا ناک اور منہ بند کردیا اور بعد ازاں اس کا گلا گھونٹ دیا جس میں اس کی موت واقع ہوگئی تھی ۔ کمسن کی نعش کو ایک کپڑے میں لپیٹ کر اعجاز علی کے مکان کے عقبی علاقہ میں پھینک کر محبوب فرار ہوگیا تھا ۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرتے ہوئے اسے عدالت میں پیش کیا اور بعد ازاں جیل منتقل کردیا ۔

TOPPOPULARRECENT