Thursday , January 17 2019

کمل ناتھ نئے چیف منسٹر مدھیہ پردیش ‘ کانگریس کا اعلان

راجستھان اور چھتیس گڑھ کے چیف منسٹروں کے نام زیرغور ، راہول گاندھی کے فیصلہ کا آج اعلان

بھوپال ؍ نئی دہلی ، 13 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے جمعرات کی شب ویٹرن لیڈر کمل ناتھ کو مدھیہ پردیش کے اگلے چیف منسٹر کے طور پر نامزد کیا، جس کیلئے پارٹی سربراہ راہول گاندھی نے سینئر پارٹی قائدین کے ساتھ کئی گھنٹے غوروخوض کیا۔ کانگریس کے ذرائع نے کہا کہ راہول نے راجستھان اور چھتیس گڑھ کے چیف منسٹروں کے بارے میں فیصلوں کو جمعہ تک موخر کردیا کیونکہ وہ پارٹی قائدین کے ساتھ مزید غوروخوض کرنا چاہتے ہیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ صحرائی ریاست راجستھان میں اعلیٰ عہدہ کیلئے سرکردہ دعوے داروں میں شامل صدر پی سی سی سچن پائلٹ نے جمعرات کی رات پارٹی سربراہ سے دوسری بار ملاقات کی۔ 72 سالہ کمل ناتھ بھوپال کو رات میں پہنچے جہاں ایرپورٹ پر اُن کے حامیوں نے ’جئے جئے کمل ناتھ‘ کے نعروں کے ساتھ سینئر لیڈر کا استقبال کیا۔ کمل ناتھ نے مدھیہ پردیش کے عوام کو یقین دلایا کہ نئی حکومت اپنے تمام وعدے پورے کرے گی اور ایک نئی شروعات ہوچکی ہے۔ ایرپورٹ سے وہ سیدھے پارٹی آفس گئے نومنتخب ایم ایل ایز کی میٹنگ میں حصہ لیتے ہوئے ارکان مقننہ کے لیڈر کا انتخاب کیا جاسکے۔ کمل ناتھ جو سابقہ کانگریس زیرقیادت حکومت میں مرکزی وزیر تھے، برسراقتدار بی جے پی کے خلاف جیت کے ساتھ ہی چیف منسٹر کے عہدہ کیلئے مضبوط دعوے دار رہے تھے۔ بی جے پی کو اس وسطی ہندوستانی ریاست میں 15 سال تک اقتدار پر رہنے کے بعد شکست ہوئی ہے۔ ایک اور سینئر پارٹی لیڈر اور سابق مرکزی وزیر جیوتیر ادتیہ سندھیا بھی وزارت اعلیٰ کی دوڑ میں تھے۔ کانگریس نے ٹوئٹ کیا: ’’شری کمل ناتھ کو مدھیہ پردیش کا سی ایم منتخب ہونے پر ہماری نیک تمنائیں۔ اُن کی قیادت میں ایم پی میں تبدیلی کا دور آرہا ہے۔‘‘ قبل ازیں راہول نے راجستھان میں سی ایم بننے کے خواہشمندوں
اشوک گہلوٹ اور سچن پائلٹ کے ساتھ سلسلہ وار میٹنگس منعقد کئے لیکن دونوں کے درمیان کوئی اتفاق رائے برآمد نہیں ہوا اور پائلٹ نے اعلیٰ عہدہ کیلئے اپنے حق کا دعویٰ پیش کیا۔ گہلوٹ کو چیف منسٹر کے عہدہ کیلئے دوڑ میں آگے باور کیا جارہا ہے لیکن پائلٹ بھی سخت مزاحمت کے ساتھ اپنا دعویٰ پیش کررہے ہیں۔ دریں اثناء راجستھان میں سچن پائلٹ کے حامیوں نے ٹائریں جلائے اور سڑکوں پر راستہ روکتے ہوئے اپنے پسندیدہ لیڈر کو چیف منسٹر بنانے کا مطالبہ کیا۔ گہلوٹ اور پائلٹ دونوں نے اپنے حامیوں سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ چھتیس گڑھ کیلئے پارٹی کے اے آئی سی سی انچارج پی ایل پونیا بھی راہول کے ساتھ میٹنگ میں شریک ہوئے۔ ذرائع نے کہا کہ رائے پور سے ٹی ایس سنگھ دیو اور بھوپیش باگھیل کو سرکردہ پارٹی قائدین کے ساتھ غوروخوض کیلئے قومی دارالحکومت کو طلب کیا گیا ہے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT