کمل ناتھ کو 140 نشستوں پر کانگریس کی کامیابی کا یقین

بھوپال،27نومبر(سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کی مدھیہ پردیش اکائی کے صدر اور سابق مرکزی وزیر کمل ناتھ نے یقین ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی اسمبلی انتخابات میں ان کی پارٹی کی جیت یقینی ہے اور کانگریس 140سیٹوں سے زیادہ حاصل کرے گی۔ریاست کی سبھی 230سیٹوں کے لئے کل شام انتخابی تشہیر کی مہم ختم ہونے کے بعد اپنے آبائی شہر چھندواڑا پہنچ کر انتخابات سے متعلق سرگرمیوں پر نظر رکھ رہے مسٹر کمل ناتھ نے فون پر آج یواین آئی سے کہا‘‘ہمیں پورا یقین ہے کہ ہم واضح اکثریت کے ساتھ حکومت بنائیں گے اور 140سیٹوں پر جیت درج کریں گے ۔ریاست میں چہارشنبہ کو ہونے والی ووٹنگ سے ایک دن پہلے مسٹر کمل ناتھ نے سبھی ووٹروں سے ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ تبدیلی کے لئے اپنے حق کا استعمال کریں اور کسی طرح کے بہلاوے میں نہ آئیں۔سینئر کانگریس رہنما نے الزام لگایا کہ ریاست میں 15برسوں کے بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)کی حکومت سے سبھی لوگ پریشان ہوگئے ہیں۔انہوں نے اپنی سیاسی زندگی میں خواتین،کسان ،مزدور،نوجوان اور ہر طبقے کو اتنا زیادہ پریشان کبھی نہیں دیکھا۔بی جے پی سیاست کے نام پر صرف اداکاری کرتی رہی ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ اب عوام الجھن کے شکار نہیں ہوں گے اور ریاست میں بہتر حکومت منتخب کرنے کے لئے ووٹ ڈالیں گے ۔مسٹر کمل ناتھ نے کہا تھا کہ پارٹی نے اپنے منشور میں جوبھی وعدے کئے ہیں،انہیں ایک ایک کرکے پورا کیا جائے گا۔وعدوں کے مطابق کسانوں کا قرض دس دنوں میں معاف کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ ریاست کی معیشت کی بنیاد ہے ۔تقریباً 70فیصد آبادی زراعت یا اس سے وابستہ کاروباروں پر منحصر کرتی ہے ۔ریاست میں سبھی 230 سیٹوں کے لئے کل ووٹنگ ہوگی۔بی جے پی مسلسل چوتھی بار اقتدار میں آنے کی کوشش کررہی ہے ،وہیں کانگریس نے بھی اس بار اقتدار میں واپسی کرنے کے لئے پورا زور لگادیا ہے ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT