Thursday , January 17 2019

کمل ناتھ کی چیف منسٹر مدھیہ پردیش کی حیثیت سے پیر کو حلف برداری

بھوپال 14 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سینئر کانگریس لیڈر کمل ناتھ مدھیہ پردیش کے 18 ویں چیف منسٹر کی حیثیت سے 17 ڈسمبر کو حلف لیں گے ۔ گورنر آنندی بین پٹیل نے 72 سالہ کم ناتھ کو ریاست میںنئی حکومت تشکیل دینے کی دعوت دی ہے ۔ کمل ناتھ نے قبل ازیں راج بھون میں گورنر سے ملاقات کرتے ہوئے تشکیل حکومت کا دعوی پیش کیا تھا ۔ ملاقات کے بعد کمل ناتھ کو مکتوب جاری کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ وہ انہیں واحد بڑی جماعت کے لیڈر کی حیثیت سے مدھیہ پردیش کا چیف منسٹر مقرر کرتی ہیں اور انہیں کابینہ تشکیل دینے کی دعوت دیتی ہیں۔ ملاقات کے بعدراج بھون کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کمل ناتھ نے کہا کہ 17 ڈسمبر کو 1.30 بجے دن لال پریڈ گراونڈ بھوپال پر ان کی حلف برداری کی تقریب منعقد ہوگی ۔ کمل ناتھ اس سے قبل مرکزی وزارت میں کئی قلمدانوں کی ذمہ داری سنبھال چکے ہیں اور وہ ریاست کے 18 ویں چیف منسٹر ہونگے ۔ وہ چھند واڑہ حلقہ سے نو مرتبہ لوک سبھا کیلئے منتخب ہوئے تھے ۔ انہیں کل کانگریس مقننہ پارٹی کا لیڈر منتخب کرلیا گیا تھا ۔ اس کے بعد مسٹر کمل ناتھ نے کل سینئر قائدین کے ساتھ گورنر سے ملاقات بھی کی تھی ۔

کسانوں کا قرض معاف کیا جائے گا:کمل ناتھ
بھوپال، 14دسمبر (یو این آئی) مدھیہ پردیش کے وزیراعلی کے عہدہ کی کمان سنبھالنے جارہے سینئر کانگریسی لیڈر کمل ناتھ نے کہاکہ پارٹی اپنے وعدے کے مطابق کسانوں کے قرض معاف کریگی۔ کانگریس مقننہ پارٹی کے نومنتخب لیڈر نے میڈیا سے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہاکہ ہماری ترجیح زرعی شعبہ کو مضبوط کرنا رہے گی۔ اس سے زراعت پر مبنی ریاست کی معیشت بھی مضبوط ہوگی۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کیلئے روزگار کا انتظام کرنا اور ریاست میں خواتین کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ترجیحات میں شامل ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اسمبلی انتخابات کے دوران کے منشور پر بھی ترجیحی بنیاد پر کام کیا جائے گا۔ الیکشن میں پارٹی کو ملی عوامی حمایت پر انہوں نے عوام کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ وہ انکی توقعات پر کھرے اتریں گے ۔ اس سے پہلے کل پارٹی ہیڈکوارٹر میں قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں مسٹر کمل ناتھ کو باضابطہ طریقہ سے قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی ان کے وزیراعلی بننے کا راستہ صاف ہوگیا۔ مسٹر کمل ناتھ17 دسمبر کو یہاں تاریخی لال پریڈ میدان میں منعقدہ شاندار تقریب میں مدھیہ پردیش کے وزیراعلی کے عہدہ کا حلف لیں گے ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT