Friday , February 23 2018
Home / ہندوستان / کمل ہاسن کا سالگرہ پر موبائیل ایپ لانچ کا اعلان

کمل ہاسن کا سالگرہ پر موبائیل ایپ لانچ کا اعلان

چینائی۔ 7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سیاسی میدان میں اپنے داخلے اور ممکنہ طور پر آئندہ سال سیاسی پارٹی شروع کرنے کی زبردست قیاس آرائیوں کے درمیان سینئر ایکٹر کمل ہاسن نے آج اعلان کیا کہ وہ عنقریب ایک موبائیل ایپلی کیشن لانچ کریں گے جو عوام کیساتھ رابطے کیلئے پلیٹ فام کا کام کرے گا۔ آج اپنی 63 ویں سالگرہ کے موقع پر یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کمل ہاسن نے کہا کہ وہ سیاسی شعبہ سے پہلے ہی وابستہ ہیں ۔ ان سے توقع کی جارہی تھی کہ وہ سیاست میں اپنے داخلے کے بارے میں کوئی بڑا اعلان کریں گے۔ انہوں نے ایک سوال کے بارے میں کہا کہ سیاست سے ان کا پہلے سے ہی تعلق ہے اور وہ اس معاملے میں مختلف ماہرین کے ساتھ غور و خوض کررہے ہیں۔

بلجیم کے بادشاہ کا شاندار استقبال
نئی دہلی، 7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بلجیم کے کنگ فلپ کا یہاں آج راشٹرپتی بھون میں شاندار استقبال کیا گیا۔صدر رام ناتھ کووند اور وزیر اعظم نریندر مودی نے شاہی مہمان کا خیر مقدم کیا۔ بعد میں انہوں نے تینوں مسلح افواج کی مشترکہ ٹکڑی کی سلامی لی۔ مودی نے انہیں اپنے کابینہ کے ارکان سے متعارف کرایا۔ بلجیم کے بادشاہ نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے کئی بار پہلے ہندوستان کا دورہ کیا ہے لیکن اس وقت وہ بادشاہ بننے کے بعد آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد ہند اور بلجیم کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانا ہے ۔ بعد میں کنگ فلپ راج گھاٹ جاکرمہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ پھر وزیر خارجہ سوشما سوراج نے شاہی مہمان سے ملاقات کی۔ دوپہربعد انہوں نے حیدرآباد ہاؤس میں وزیر اعظم مودی کے ساتھ دو طرفہ سربراہی ملاقات میں حصہ لیا۔وہ شام میں صدر اور نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو کو بھی ملاقات کریں گے ۔ شاہی جوڑا ہندوستان کے ایک ہفتے کے دورے پراتوار کی شب پر یہاں پہنچے ۔ انہوں نے کل آگرہ کا دورہ کیا تھا ۔ وہ جمعرات کو ممبئی جائیں گے اور ہفتہ کو وہاں سے گھر واپس جائیں گے ۔

TOPPOPULARRECENT