Friday , November 24 2017
Home / شہر کی خبریں / کمپنیوں کی صارفین کو رعایت سے اشیاء خریداری میں اضافہ

کمپنیوں کی صارفین کو رعایت سے اشیاء خریداری میں اضافہ

آن لائن کمپنیوں کی ترغیبات سے نئے گاہکوں میں اضافہ ، ریٹیل فروخت کی بھی حکمت عملی
حیدرآباد۔4 اکٹوبر (سیاست نیوز) صارفین تک رسائی حاصل کرنے کیلئے مختلف کمپنیوں کی جانب سے قیمتوں میں رعایت اور آفرس نے اس تہوار کے موسم کی خوشیوں کو دوبالا کردیا اورملک بھر میں صارفین نے جم کر خریداری کی۔ گاہکوں کو متوجہ کرنے کیلئے آن لائن مارکٹ کی جانب سے فراہم کئے جانے والی ترغیبات نے ملک میں ریٹیل فروخت کا نشانہ رکھنے والی کمپنیوں کو بھی اس سمت توجہ دینے پر مجبور کردیا۔ ملک کی مختلف کمپنیوں کے ذمہ دار جو تشہیر اور فروخت کے امور کے نگران ہیں ان کا کہنا ہے کہ 5سال بعد اتنی زیادہ ترغیبات و آفرس گاہکوں کو میسر آئے ہیں جس کی کئی ایک وجوہات ہیں جن میں آن لائن خریداری کا رجحان بھی شامل ہے۔ بتایا جا تا ہے کہ جاریہ سہ ماہ کے دوران صارفین کیلئے اشیائے ضروریہ تیار کرنے والی کمپنیوں نے 1فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا ہے لیکن ان کی آمدنی میں کٹوتی ریکارڈ نہیں کی گئی کیونکہ فروخت میں اضـافہ کے سبب آمدنی پر کوئی اثر نہیں دیکھا گیا۔ ملک کی مختلف کمپنیاں اب ان آفرس کو مستقل طور پر برقرار رکھنے کے متعلق غور کرنے لگی ہیں کیونکہ ان آفرس کے ذریعہ گاہکوں کو کمپنی کے پراڈکٹس کی سمت راغب کرنا بہت آسان ہو گیا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ ان آسانیوں کو دیکھتے ہوئے کمپنیوں نے آن لائن مارکٹ کے ساتھ مسابقت پر بھی غور کرنا شروع کردیا ہے۔ آن لائن مارکٹ میں سب سے زیادہ تیزی سے فروغ حاصل کرنے والی کمپنی امیزان کی جانب سے جاریہ تہوار کے موسم کے دوران کی گئی پیشکش کے مطابق امیزان نے رن اور ٹائیڈ جیسے واشنگ پاؤڈر پر 5تا15فیصد کی رعایت فراہم کی جو کسی بھی ریٹیل دکان پر حاصل ہونا ممکن نہیں ہے۔ اسی طرح امیزان نے میگی نوڈلس پر ملک کے مختلف علاقوں میں 3تا7فیصد رعایت فراہم کی جو گاہکوں کیلئے کافی متاثر کن رہی۔ امیزان نے ڈؤ صابن اور پینٹین شیمپو جیسے پراڈکٹس پر 15تا 27فیصد کی رعایت فراہم کرتے ہوئے گاہکوں کو راغب کرنے کی کامیاب کوشش کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مختلف کمپنیوں کی جانب سے اس طرح کے آفرس فراہم کرتے ہوئے گاہکوں کو متاثر کرنے اور اپنی جانب راغب کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ آن لائن خریداری پر حاصل ہونے والی رعایت کوئی نئی بات نہیں ہے لیکن ان رعایتوں سے استفادہ کرنے والوں کی بتدریج بڑھتی تعداد کے سبب اشیائے ضروریہ کی تیاری کرنے والی کمپنیوں کو ایسی ترغیبات کے متعلق حکمت عملی تیار کرنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ آن لائن فروخت کرنے والی کمپنیاں اس طرح کی ترغیبات کے ذریعہ نئے گاہک بنانے میں بڑی حد تک کامیابی حاصل کر رہی ہیں جو کہ مارکٹنگ کی دنیا میں ایک نئی پیشرفت سمجھی جا رہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT