Sunday , July 22 2018
Home / Top Stories / کمیشن وصولی کا اعتراف سرسلہ میونسپل چیرمین کو مہنگا پڑا

کمیشن وصولی کا اعتراف سرسلہ میونسپل چیرمین کو مہنگا پڑا

کے ٹی آر کی برہمی کے بعد ساملا پاوانی عہدے سے مستعفی
حیدرآباد ۔ 17 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کی حوصلہ افزائی پر ہی کنٹراکٹرس سے کمیشن وصول کرنے کا اعتراف کرنا سرسلہ میونسپل چیرپرسن ساملا پاوانی کے لیے مہنگا ثابت ہوا ۔ کے ٹی آر کی برہمی کے بعد ریمارکس کرنے کے چند گھنٹوں میں ہی ساملا پاوانی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ۔ آج سرسلہ میونسپل بجٹ اجلاس منعقد ہوا تھا جس کے بعد پریس کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے چیرپرسن ساملا پاوانی نے تعمیری و ترقیاتی کاموں کی انجام دہی میں کنٹراکٹرس سے تین فیصد تک کمیشن قبول کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ کے ٹی آر کی حوصلہ افزائی سے ہم کمیشن وصول کررہے ہیں اور سارے تلنگانہ میں اس کا چلن عام ہے ۔ یہ سنسنی خیز انکشاف سیاسی حلقوں میں جنگل کے آگ کی طرح پھیل گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے سوشیل میڈیا اور ٹیلی ویژن چینلس کی زینت بن گیا ۔ ٹی آر ایس حکومت کی بدنامی سے پارٹی قائدین سکتے میں آگئے ۔ اس خاتون چیرپرسن نے کہا کہ ان کا کمیشن ان کے شوہر وصول کرتے ہیں ۔ سرسلہ کے لیے کروڑہا روپئے کے فنڈز آرہے ہیں ۔ مگر کونسلرس خوش نہیں ہیں کیوں کہ انہوں نے انتخابات میں بھاری رقم خرچ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی تھی ۔ کمانا ان کے لیے ضروری ہے ۔ سرسلہ میں ایک ہی کنٹراکٹر کو تمام کام دئیے جارہے ہیں ۔ کنٹراکٹرس کمیشن کو سیاسی مسئلہ بنانے کے بجائے کونسلرس کو کمیشن فراہم کریں ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے خاتون چیرپرسن پر سخت برہمی کا اظہار کیا ۔ اپنی اور حکومت کی نیک نامی متاثر ہونے سے بچانے کے لیے انہیں فوری استعفیٰ دینے کی ہدایت دی ۔ جب کہ حقائق کو منظر عام پر لانے والی چیرپرسن کو انعام ملنا چاہئے تھا مگر وہ کمشنر سرسلہ میونسپل کو اپنا مکتوب استعفیٰ یہ کہتے ہوئے پیش کردیا کہ شخصی وجوہات کے باعث وہ استعفیٰ پیش کررہی ہیں ۔ تین چار دن قبل بھی ایک اور واقعہ پیش آیا تھا ۔ رنگاراؤ نامی ایک شخص نے خود کو کے ٹی آر کا رشتہ دار بتاتے ہوئے دھول پلی تالاب کی اراضی پر ناجائز قبضہ کرتے ہوئے مکان تعمیر کرایا تھا ۔ تحصیلدار کی ہدایت پر خاتون آر آئی رینوکا نے عملے کے ساتھ پہونچکر جے سی بی کا استعمال کرتے ہوئے انہدامی کارروائی شروع کی ، اطلاع ملتے ہی رنگا راؤ پہونچ گیا اور خاتون آر آئی کے ساتھ بدسلوکی سے پیش آیا ۔ جے سی بی کے ڈرائیور پر حملہ کیا اور جے سی بی کا شیشہ توڑتے ہوئے آر آئی رینوکا کو صرف ایک دن میں معطل کرنے کی دھمکی دے دی ۔ میڈیا کے ذریعہ جب اطلاعات عام ہوئی تو وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے ٹیوٹر کے ذریعہ ردعمل کا اظہار کیا ۔ واقعہ کی تحقیقات کرنے کی ڈی جی پی اور کمشنر پولیس سائبر آباد کو ہدایت دی ۔ قصور وار پائے جانے پر رنگا راؤ کے خلاف کارروائی کرنے کے بھی احکامات جاری کئے ۔۔

TOPPOPULARRECENT