Tuesday , November 21 2017
Home / Top Stories / کمیونسٹوں کو قوم دشمن قرار دینے پر سی پی ایم کا جوابی حملہ

کمیونسٹوں کو قوم دشمن قرار دینے پر سی پی ایم کا جوابی حملہ

گوڈسے کے حامیوں کو ہماری حب الوطنی پر انگشت نمائی کا حق نہیں

نئی دہلی۔ 15 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) سی پی ایم نے آج بائیں بازو کی جماعتوں کو قوم دشمن عناصر قراردینے پر دائیں بازو کی تنظیموں کو تنقید کانشانہ بنایا اور کہا کہ یہ بھی ایک ستم ظریفی ہے کہ گاندھی جی کے قاتل گوڈسے کے پجاری اب قوم پرستی کا سرٹیفکٹ جاری کر رہے ہیں۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری نے اپنے ٹوئیٹر میں کہا کہ اس سے بڑا ڈھونگ کیا ہوسکتا ہے  کہ گوڈسے کے پرستار اب حب الوطنی کا سرٹفیکٹ مانگ رہے ہیں۔ مسٹر یچوری نے الزام عائد کیا کہ پاکستان سے متعلق ہندوستانی پالیسی ، ناقص معیشت مہنگائی میں اضافہ اور خودکشی جیسے مسائل سے نمٹنے میں یکسر ناکام ہوگئی اور یہ مسائل اٹھانے پر اپوزیشن کو قوم دشمن قرار دیتے ہوئے نفسیاتی خوف پیدا کرنے کی کوشش میں ہے۔ سی پی ایم کے راجیہ سبھا رکن نے کہاکہ ملک کی معیشت متزلزل ، مہنگائی میں اضافہ اور روپئے کی قدر میں گراوٹ ، زرعی شعبہ تباہی کے دہانے پر ، بیروزگاروں میں مایوسی سے توجہ ہٹانے کیلئے گوڈسے کے پرستار اب اپوزیشن کو نشانہ بنارہے ہیں۔ واضح رہے کہ آرایس ایس نے کل جے این یو کے تنازعہ پر کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتوں کے موقف پر نکتہ چینی کی تھی اور کہا تھا کہ بعض سیاسی قائدین قوم دشمن سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کے مطالبہ کی بجائے ان کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔ آر ایس ایس ترجمان منموہن ویدیہ نے سنٹرل یونیورسٹی کیمپس میں ہند مخالف سرگرمیوں میں بعض طلبہ کے ملوث ہونے پر تشویشناک قرار دیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT