Wednesday , September 19 2018
Home / Top Stories / کم جونگ سے ملاقات کے بارے میں ٹرمپ نے کہا ’’دیکھا جائے گا‘‘

کم جونگ سے ملاقات کے بارے میں ٹرمپ نے کہا ’’دیکھا جائے گا‘‘

واشنگٹن ۔ 17 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے اس انتباہ پر محتاط انداز میں یہ کہہ کر اپنے ردعمل کا اظہار کیا کہ ’’دیکھا جائے گا‘‘۔ یاد رہیکہ ٹرمپ اور کم جونگ ان کے درمیان 12 جون کو تاریخی ملاقات ہونے والی ہے جس کی تیاریاں زوروشور سے جاری ہیں۔ یہ ملاقات سنگاپور میں ہوگی۔ تاہم حالیہ دنوں میں شمالی کوریا نے نیوکلیئر ترک اسلحہ معاملہ پر اسے حاشیہ بردار کرنے پر شکایت کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اسی تناظر میں شمالی کوریا نے کل انتباہ دیا تھا کہ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات کے پروگرام کو ملتوی یا منسوخ کیا جاسکتا ہے۔ شمالی کوریا کو شکایت ہیکہ امریکہ نیوکلیئر ترک اسلحہ معاملہ میں اسے مسلسل نظرانداز کرتے ہوئے حاشیہ بردار بھی کررہا ہے جو یقینا تشویش کا باعث ہے۔ ڈونالڈ ٹرمپ کا کہنا ہیکہ شمالی کوریا نے اسے یہ اطلاع دینا بھی گوارا نہیں کیا کہ وہ امریکہ کے ساتھ ہونے والی تاریخی ملاقات کو منسوخ کرسکتا ہے۔ دورہ پر آئے ازبکستان کے صدر شوکت میرزیوف کا وائیٹ ہاؤس میں استقبال کرتے ہوئے انہوں نے اخباری نمائندوں سے بھی خطاب کیا اور کہا کہ اب تک شمالی کوریا نے چونکہ ہمیں کوئی اطلاع نہیں دی ہے لہٰذا ہم اس معاملہ پر کچھ کہنا نہیں چاہتے۔ جو ہوگا دیکھا جائے گا۔ ٹرمپ سے جب اخباری نمائندوں نے پوچھا کہ کیا کم جونگ دھوکہ بازی کررہے ہیں؟ جس کا جواب دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔ کوریائی جزیرہ نما کو نیوکلیئر سے پاک کرنے کا کیا ٹرمپ اب بھی اصرار کرتے ہیں، یہ پوچھے جانے پر ٹرمپ نے اثبات میں جواب دیا۔

TOPPOPULARRECENT