کنٹراکٹ میاریج کی کوشش ناکام سوڈانی باشندہ کے بشمول 4 افراد گرفتار

حیدرآباد 26 نومبر (سیاست نیوز) شمس آباد پولیس کی اسپیشل آپریشن ٹیم نے کنٹراکٹ میاریج کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 4 افراد بشمول سوڈانی باشندے کو گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 30 سالہ محمد جو سوڈانی باشندہ ہے اور پیشہ سے اکاؤنٹنٹ ہے، اُس نے مائیلاردیو پلی کے علاقہ وٹے پلی میں کنٹراکٹ میاریج کرنے کے لئے 3 دلالوں محمد حبیب خان، شمیم سلطانہ اور شبانہ بیگم کی مدد حاصل کی اور 3 مہینے کیلئے ایک خاتون سے کنٹراکٹ میاریج کرنے کی کوشش کررہا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ مذکورہ سوڈانی باشندے نے لڑکی کے والدین کو ایک لاکھ روپئے حبیب خان کے ذریعہ حوالے کئے اور آج کنٹراکٹ میاریج کرنے والا تھا کہ شمس آباد کی اسپیشل آپریشن ٹیم نے وہاں دھاوا کرتے ہوئے سوڈانی باشندے محمد اور 3 دلالوں کو گرفتار کرلیا۔ اِس کارروائی کے دوران پولیس نے سوڈانی پاسپورٹ، ایک لاکھ روپئے نقد، 300 امریکی ڈالرس، شادی کیلئے تیار کئے گئے دستاویزات بھی ضبط کرلئے۔ اسپیشل آپریشن ٹیم نے گرفتار ملزمین کو مائیلاردیو پلی پولیس کے حوالے کردیا۔

TOPPOPULARRECENT