Thursday , June 21 2018
Home / کھیل کی خبریں / کنیریا کے ساتھ میچ میں شرکت

کنیریا کے ساتھ میچ میں شرکت

فواد، وہاب اور ناصر کے خلاف تحقیقات کا امکان

فواد، وہاب اور ناصر کے خلاف تحقیقات کا امکان

کراچی ۔ 5 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ سے معاہدہ کرنے والے کھلاڑی مستقبل میں بیرون ملک ایسے کسی ٹورنمنٹ میں شرکت نہیں کرسکیں گے جو مقامی اسوسی ایشن سے منظورہ شدہ نہیں ہوں گے۔ ان خدشات کو بھی تقویت مل رہی ہیکہ غیر منظورہ شدہ ٹورنمنٹ کھیل کر کھلاڑی میچ فکسنگ اور اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہوسکتے ہیں۔ آئی سی سی غیر منظورہ شدہ ایونٹ کے بارے میں سخت گیر موقف رکھتی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے امریکہ میں دانش کنیریا کے ساتھ میچ کھیلنے والے تین کھلاڑیوں کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے انہیں لاہور میں سماعت کے لئے طلب کر لیا ہے۔ ٹسٹ کھلاڑی فواد عالم، وہاب ریاض اور ناصر جمشید کو اسپاٹ فکسنگ میں تاحیات پابندی کا سامنا کرنے والے دانش کنیریا کے ساتھ امریکی شہر ہوسٹن میں فرینڈ شپ میچ کھیلنے کے الزام میں انضباطی کارروائی کا سامنا ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کا سمر کیمپ منگل سے لاہور میں شروع ہو رہا ہے اور کیمپ سے پہلے پاکستان کرکٹ بورڈ کی تین رکنی کمیٹی ان کھلاڑیوں کا موقف سنے گی۔ حالانکہ ان کھلاڑیوں نے پہلے ہی پاکستان کرکٹ بورڈ کو وجہ بتاؤ نوٹس کا تحریری جواب دے دیا ہے۔ پی سی بی نے جو کمیٹی تشکیل دی ہے اس میں ڈائریکٹر انتخاب عالم، منیجر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ اور سیکیورٹی اینڈ اینٹی کر پشن آفیسر کرنل(ر) اعظم بھی شامل ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ بدر رفاعی کو بھی کمیٹی کے سامنے پیش ہونا ہے۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی اپنی تحقیقات مکمل کر کے اپنی تحریری رپورٹ چیرمین نجم سیٹھی کو پیش کرے گی۔ اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام اس بات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ کھلاڑیوں نے پی سی بی سے معاہدہ ہونے کے باوجود جن لوگوں سے روابط کی وجہ سے ایسے ٹورنمنٹ میں شرکت کی جو مقامی اسوسی ایشن سے منظور شدہ نہ تھا۔ آئی سی سی پہلے ہی نامنظور شدہ کرکٹ ٹورنمنٹ کے سلسلے میں اپنے تحفظات سے پی سی بی کو آگاہ کر چکی ہے۔

TOPPOPULARRECENT