Sunday , October 21 2018
Home / ہندوستان / کوئی پاٹیدار لیڈر اسمبلی انتخابات نہیں لڑے گا

کوئی پاٹیدار لیڈر اسمبلی انتخابات نہیں لڑے گا

تحریک ریزرویشن کے کنوینروں کو کانگریس ٹکٹ دیئے جانے کی اطلاعات پر ہاردک کا ردعمل

بھج، 13 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) گجرات اسمبلی انتخابات میں ہاردک پٹیل کی قیادت والی پاٹیدار ریزرویشن تحریک کمیٹی (پاس) کے ایک درجن سے زیادہ اہم کنوینروں کے کانگریس کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کی قیاس آرائیوں کے درمیان ’پاس‘ لیڈر نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی تنظیم کا ایک بھی شخص الیکشن نہیں لڑے گا۔ ہاردک نے کل رات ضلع کچھ میں ایک اجتماع کے دوران صحافیوں سے کہا کہ وہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ’پاس‘ کا کوئی بھی لیڈر الیکشن نہیں لڑے گا۔ اگر کوئی انتخابات لڑے گا تو اس کا ’پاس ‘سے اس معاملہ میں کوئی لینا دینا نہیں ہوگا۔ وہ خود اگلے تین سال تک انتخابی سیاست سے نہیں جڑیں گے ۔ وہ عوام کے درمیان جا کر ان کے مسائل جان کر انہیں سمجھ رہے ہیں اور ان مسائل کے تعلق سے حکومت پر دباؤ بنانا ہی ان کا کام ہے ۔واضح رہے کہ اس طرح کی قیاس آرائیاں ہیں کہ ان کے سب سے قریبی اور’پاس‘ لیڈر دنیش بانبھیا، الپیش کتھریا، للت وسویا، گیتا پٹیل وغیرہ سمیت ایک درجن سے زیادہ ’پاس‘ لیڈر کانگریس کے امیدوار بنیں گے۔دریں اثناء انتخابات میں کانگریس یا دیگر سیاسی پارٹی کو حمایت دینے کے ل معاملہ پر ’پاس ‘کی ایک میٹنگ آج بانبھیا کے گاندھی نگر کے قریب سرگاسن واقع فارم ہاؤس پر ہو رہی ہے ۔دوسری طرف پاٹیدار برادری کی ایک اور اہم تنظیم سردار پٹیل گروپ یعنی ایس پی جی کی بھی ایسی ہی ایک میٹنگ گاندھی نگر کے قریب رائے سن میں ہو رہی ہے ۔ بانبھیا نے کہا کہ’پاس‘کسی بھی حال میں بی جے پی کی مخالفت کرے گی۔ یہ کانگریس کے علاوہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی اور شیوسینا جیسی دیگر پارٹیوںں کے بارے میں بھی غور کریں گے ۔

TOPPOPULARRECENT