Tuesday , December 18 2018

کودنڈارام کی نئی سیاسی جماعت ’ تلنگانہ جنا سمیتی ‘ کے قیام کا اعلان

ٹی جے اے سی توسیعی اجلاس میں فیصلہ ۔ بنیادی مسائل پر جدوجہد نئی جماعت کا ایجنڈہ ‘ صدر نشین جے اے سی کا ادعا
حیدرآباد۔ 4 فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے آج ترکایمجال میں واقع ساما سرینواس ریڈی گارڈن میں منعقدہ توسیعی اجلاس میں ’’تلنگانہ جنا سمیتی‘‘ کے نام سے نئی سیاسی پارٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ مرکزی الیکشن کمیشن میں تلنگانہ جنا سمیتی کے نام سے نئی سیاسی پارٹی رجسٹریشن کیلئے درخواست بھی داخل کردی گئی ہے۔ پارٹی کے توسیعی اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدرنشین تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی پروفیسر ایم کودنڈا رام نے اس بات کا انکشاف کیا اور بتایا کہ مجوزہ نئی سیاسی پارٹی تلنگانہ جنا سمیتی کا نشانہ ’کسان اور ہل‘ (ریتوناگلی) ہوگا۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ نئی سیاسی پارٹی قائم کرنے کی صورتحال پیدا ہونے کا انہیں وہم و گمان بھی نہیں تھا، لیکن عوام ہی ان کی توقعات کی تکمیل کیلئے سیاسی پلیٹ فارم کا مطالبہ کررہے ہیں۔ اہوں نے کہا کہ نئی سیاسی پارٹی تشکیل پانے کے باوجود تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی جوں کی توں برقرار رہے گی۔ کمیٹی کے توسیعی اجلاس میں ٹی جے اے سی قائدین، سماجی جہد کاروں، مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے ماہرین و اہم شخصیتوں بشمول ممتاز انقلاب گلوکار غدر، ظہیرالدین علی خاں، ودیا دھر کے علاوہ کئی طلباء تنظیموں کے قائدین کثیر تعداد میں شریک تھے۔ پروفیسر کونڈا رام نے بتایا کہ کسانوں کے مسائل بیروزگاری، روزگار کی فراہمی، اراضیات کے متاثرین کو درپیش مسائل کی یکسوئی کرنا ہی اس نئی سیاسی پارٹی کا اہم ایجنڈہ ہوگا جبکہ کسانوں کے مسائل پر حکومت کو کئی مرتبہ رپورٹس پیش کی گئی لیکن حکومت سے کوئی ردعمل حاصل نہیں ہوا اور تمام رپورٹس و نمائندگیاں بے فیض ثابت ہوئیں۔ صدرنشین تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے بالواسطہ طور پر صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی و چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ محض دولت کمانے کے مقصد سے سیاست کا انتخاب کررہے ہیں۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ وہ یہ ثابت کر دکھائیں گے کہ انہیں جدوجہد کرنے کے علاوہ اور سیاست سے بھی بخوبی واقفیت ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ عرصہ کے دوران منظم کردہ ملین مارچ کی تاریخ 10 مارچ کو نئی قائم کی جانے والی مجوزہ تلنگانہ جنا سمیتی پارٹی کے قیام کا باقاعدہ اعلان متوقع ہے اور اسی کے پیش نظر 10 مارچ کو ورنگل میں پارٹی تشکیل کے سلسلے میں منعقد کئے جانے والے عظیم الشان جلسہ کیلئے تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے قائدین منصوبے مرتبہ کرنے میں مصروف ہیں اور سمجھا جاتا ہے کہ اسی جلسہ عام میں پارٹی پرچم اور پارٹی کے ایجنڈہ کا بھی اعلان کیا جائے گا۔ پارٹی کا قیام عمل میں آنے کے ساتھ ہی جنوبی علاقہ تلنگانہ میں دو بڑے جلسہ عام اور مشرقی علاقہ تلنگانہ میں ایک اور جلسہ عام منعقد کرنے کا تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پروفیسر کودنڈا رام کے اعلان کردہ پارٹی کے نشان ’کسان اور ہل‘ کے نشان پر سال 2001ء میں ٹی آر اے نے ادارہ جات مقامی کے انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT