Thursday , September 20 2018
Home / شہر کی خبریں / کودنڈا رام پر پابندیاں ‘ پون کلیان کو چھوٹ

کودنڈا رام پر پابندیاں ‘ پون کلیان کو چھوٹ

چیف منسٹر اور فلمسٹار میں ساز باز ۔ سابق ایم پی پونم پربھاکر
حیدرآباد ۔ 22جنوری ( سیاست نیوز) سابق کانگریس ایم پی پونم پربھاکر نے تلنگانے جے اے سی کنوینر پروفیسر کودنڈارام کو دورہ کی اجازت نہ دینے اور پون کلیان کو 50گاڑیوں کے ساتھ کریم نگر میں گھومنے کی اجازت دینے کی مذمت کرتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر اور پون کلیان کے درمیان خفیہ ساز باز کا الزام عائد کیا ۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ تلنگانہ تحریک میں اہم رول ادا کرنے والے تلنگانہ جے اے سی کے کنوینر ریاست کے مختلف مسائل ‘ ملازمتوں کی فراہمی ‘ تلنگانہ کیلئے زندگیاں قربان کرنے والوں کے حق میں ریالیاں ‘ جلسے منعقد کررہے ہیں تو حکومت انہیں اس کی اجازت نہیں دے رہی ہے ۔ پولیس کا بیجا استعمال کرکے انہیں گرفتار کرلیا جارہا ہے ۔ پولیس اجازت حاصل نہ کرنے کا الزام عائد کرکے پریشان کیا جارہا ہے ۔ تلنگانہ کے روح رواں کودنڈارام کو جلسہ منعقد کرنے عدالت سے اجازت حاصل کرنی پڑرہی ہے جبکہ تلنگانہ کی مخالفت کرنے والے اور کے سی آر پر تنقیدیں کرنے والے فلم اسٹار سے سیاستداں بن جانے والے پون کلیان کا ٹی آر ایس حکومت ضلع کریم نگر میں سرخ قالین استقبال کررہی ہے ۔ پون کلیان کے قافلے میں 50گاڑیاں ہیں جن پر کوئی روک ٹوک نہیں ہے ۔ اس سے اندازہ ہوتا ہیکہ پون کلیان اور چیف منسٹر کے درمیان خفیہ ساز باز ہے ۔ تلنگانہ کے ہیرو کودنڈارام ٹی آر ایس کیلئے ویلن بن گئے جبکہ مخالف تلنگانہ پون کلیان ہیرو بن گئے ہیں ۔ پرگتی بھون میں پون کلیان کی چیف منسٹر سے ملاقات کے بعد حکومت کے تیور بدل گئے ہیں ۔ چیف منسٹر تلنگانہ میں اپنی شکست کو کامیابی میں تبدیل کرنے پون کلیان کو استعمال کررہے ہیں تاکہ ووٹوں کی تقسیم کے ذریعہ ماحول سازگار بنایا جاسکے ۔ تلنگانہ کے عوام باشعور ہیں ‘ ٹی آر ایس کے ساتھ پون کلیان کو بھی سبق سکھائیں گے ۔ 2019 کے عام انتخابات میں کانگریس بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی ۔

TOPPOPULARRECENT