Wednesday , September 19 2018
Home / شہر کی خبریں / کودنڈا رام کی سیاسی پارٹی سے ٹی آر ایس خوفزدہ نہیں: رکن پارلیمنٹ سمن

کودنڈا رام کی سیاسی پارٹی سے ٹی آر ایس خوفزدہ نہیں: رکن پارلیمنٹ سمن

جمہوریت میں پارٹی کے قیام کاحق لیکن فیصلہ عوام کے ہاتھ:

حیدرآباد۔/14 اپریل، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ بی سمن نے تلنگانہ جنا سمیتی کے سربراہ پروفیسر کودنڈا رام کو کانگریس کا ایجنٹ قرار دیا اورکہا کہ نئی پارٹی کے قیام سے ٹی آر ایس خوفزدہ نہیں ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سمن نے کہا کہ تلنگانہ جنا سمیتی کو جلسہ عام کی اجازت کے سلسلہ میں حکومت عدالتی احکامات کی پابندی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کودنڈا رام دراصل شہرت حاصل کرنے کیلئے حکومت پر جلسہ کی اجازت نہ دینے کا الزام عائد کررہے ہیں۔اس طرح کے الزامات کے ذریعہ وہ اخبارات اور الیکٹرانک میڈیا میں اپنی پارٹی کی تشہیر کی کوشش کررہے ہیں۔ سمن نے کہا کہ تلنگانہ جنا سمیتی کے بارے میں عوام میں کوئی دلچسپی نہیں اور کسی بھی سطح پر اس پارٹی کا تذکرہ نہیں ہے۔ اس صورتحال سے پریشان کودنڈا رام حکومت پر الزام تراشی کے ذریعہ کسی طرح عوام کی نظروں میں آنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کودنڈا رام بنیادی طور پر کانگریسی ہیں اور وہ کانگریس کے ساتھ مل کر انتخابات میں حصہ لیں گے۔ کالیشورم پراجکٹ کے بارے میں کودنڈا رام کے بیان کو افسوسناک قراردیتے ہوئے سمن نے کہا کہ دیگر پراجکٹس کے مقابلہ کالیشورم پراجکٹ کی اہمیت کو گھٹانا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک میں حصہ لینے والے کودنڈا رام اچھی طرح جانتے ہیں کہ کالیشورم پراجکٹ سے تلنگانہ کو کس قدر فائدہ ہے۔ سنٹرل واٹر کمیشن کے صدرنشین ، مرکزی وزراء اور دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے قائدین کالیشورم پراجکٹ کا دورہ کرتے ہوئے ستائش کررہے ہیں لیکن کودنڈا رام کو پراجکٹ پسند نہیں۔ انہوں نے کہاکہ کودنڈا رام نہیں چاہتے کہ پراجکٹ کی تکمیل ہو اور کسانوں کو پانی سیراب ہو۔ کودنڈا رام چاہتے ہیں کہ کسان ٹی آر ایس حکومت سے ناراض ہوجائیں لیکن ایسا نہیں ہوگا کیونکہ حکومت مقررہ مدت میں تمام آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں ہر کسی کو سیاسی پارٹی کے قیام کا حق حاصل ہے لیکن قطعی فیصلہ عوام کریں گے۔ انہوں نے کودنڈا رام کے اس دعویٰ کو مسترد کردیا کہ ٹی آر ایس کے اہم قائدین ان سے ربط میں ہیں۔ سمن نے کہا کہ کے ٹی آر کو آئندہ چیف منسٹر کی حیثیت سے پروجکٹ کرنے کی اطلاعات میں کوئی سچائی نہیں ہے۔ کے ٹی آر ایک سرگرم وزیر ہیں اور وہ ہمیشہ اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے ترقیاتی اسکیمات کا جائزہ لیتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT