Monday , June 25 2018
Home / شہر کی خبریں / کولو منالی میں 24 طلبہ کی غرقابی پر کابینہ کا اظہار افسوس

کولو منالی میں 24 طلبہ کی غرقابی پر کابینہ کا اظہار افسوس

کے سی آر کی صدارت میں اجلاس ‘ وزیر داخلہ کی قیادت میں ریاستی ٹیم کی آج روانگی

کے سی آر کی صدارت میں اجلاس ‘ وزیر داخلہ کی قیادت میں ریاستی ٹیم کی آج روانگی
حیدرآباد۔ 8؍جون (سیاست نیوز)۔ تلنگانہ حکومت کی کابینہ کا آج پہلا اجلاس سکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ، مسٹر محمود علی، مسٹر ٹی راجیا، ٹی ہریش راؤ، مسٹر کے ٹی راماراؤ، مسٹر مہندر ریڈی، مسٹر جے رمنا، مسٹر پوچارام سرینواس ریڈی کے علاوہ دیگر کابینی وزراء نے شرکت کی۔ ریاستی کابینہ نے ہماچل پردیش میں پیش آئے واقعہ پر گہرے صدمہ کا اظہار کیا اور ہنگامی اقدامات کی ہدایت دی۔ ہماچل پردیش میں ریاست سے تعلق رکھنے والے 25 طلبہ ندی میں بہنے کی اطلاعات موصول ہوئیں جس پر چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے وزیر داخلہ مسٹر این نرسمہا ریڈی کو ہدایت دی کہ وہ بی آر مینا آئی اے ایس پرنسپال سکریٹری محکمہ مال کے علاوہ مسٹر کارتیکین آئی پی ایس سپرنٹنڈنٹ آف پولیس گرے ہاؤنڈس کے ہمراہ ہماچل پردیش روانہ ہوجائیں۔ اطلاعات کے بموجب مسٹر این نرسمہا ریڈی وزیر داخلہ تلنگانہ کل صبح کی اولین ساعتوں میں اپنی ٹیم کے ہمراہ ہماچل پردیش کے لئے روانہ ہوجائیں گے۔ ریاستی کابینہ کے اجلاس میں کسانوں کے قرضہ جات کی معافی کے معاملہ پر غور کیا گیا۔ علاوہ ازیں کل سے شروع ہورہے ایوان اسمبلی کے پہلے اجلاس پر غور و خوض کیا گیا۔ ریاستی کابینہ نے گورنر کے خطبہ کو قطعیت دی اور اس بات کا فیصلہ کیا کہ دستور کی دفعہ 333 کے تحت تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں اینگلو انڈین رکن کی نامزدگی کو یقینی بنایا جائے۔

TOPPOPULARRECENT