Saturday , November 25 2017
Home / کھیل کی خبریں / کولکاتہ کے خلاف ممبئی آج بہتر مظاہرہ کیلئے پرعزم

کولکاتہ کے خلاف ممبئی آج بہتر مظاہرہ کیلئے پرعزم

کولکاتہ ۔ 12 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) کامیاب ترین اسپنر سنیل نارائن کی واپسی کے بعد کولکاتہ نائیٹ رائیڈرس کے حوصلے مزید بلند ہوچکے ہیں اور وہ کل ممبئی انڈینس کے خلاف یہاں کھیلے جانے والے آئی پی ایل کے اپنے دوسرے مقابلے میں کامیابی کیلئے پرعزم ہے ۔ کولکاتہ نائیٹ رائیڈرس نے اپنے پہلے مقابلے میں دہلی ڈیر ڈیولس کو 100 رنز کا اسکور بھی بنانے نہیں دیا اور نشانہ کا تعاقب صرف ایک وکٹ کے نقصان سے بہ آسانی حاصل کرلیا۔ دوسری جانب ممبئی انڈینس کو ٹورنمنٹ میں پہلی مرتبہ شرکت کررہی مہندر سنگھ دھونی کی زیرقیادت رائزنگ پونے کے خلاف 9 وکٹوں کی شکست برداشت کرنی پڑی ہے ۔ کے کے آر کے اہم بولر سنیل نارائن جوکہ اپنے والد کے انتقال کی وجہ سے ویسٹ انڈیز روانہ ہوچکے تھے لیکن ان کی کولکاتہ واپسی ہوچکی ہے ۔ علاوہ ازیں آئی سی سی کی جانب سے انھیں بولنگ کرنے کی بھی اجازت دیدی گئی ہے ۔ اُمید کی جارہی ہے کہ بیرونی کھلاڑیوں کے انتخاب کی پالیسی کے تحت کے کے آر کے کپتان گوتم گمبھیر 45 سالہ آسٹریلیائی سابق اسپنر براڈ ہاگ کو بھی شامل کریں گے جنھوں نے گزشتہ مقابلے میں شاندار بولنگ کی ہے ۔ سنیل نارائن نے گزشتہ چار ایڈیشن میں شرکت کرتے ہوئے 74 آئی پی ایل وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جبکہ گوتم گمبھیر کی قیادت میں شاہ رخ خان کی ٹیم نے 2012 اور 2014 ء میں آئی پی ایل خطابات حاصل کئے ہیں۔ گمبھیر کیلئے کل ممبئی انڈینس کے خلاف اپنے قطعی گیارہ کھلاڑیوں کا انتخاب ایک مشکل مسئلہ ہوگا کیونکہ ہاگ نے 19 رنز دیکر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کرتے ہوئے دہلی کو بہتر اسکور بنانے سے دور رکھا ۔ کولکاتہ کیلئے رواں ماہ ایڈن گارڈنس میں یہ آخری مقابلہ ہوگا کیونکہ یہاں اسمبلی انتخابات جاری ہیں لہذا انتخابات کی تکمیل کے بعد ہی کے کے آر کو اپنا ہوم گراؤنڈ دستیاب ہوگا ۔ دوسری جانب ممبئی انڈینس جس نے یہاں 2013 ء اور 2015 ء میں خطابات حاصل کئے ہیں وہ کے کے آر کے خلاف کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹورنمنٹ کو اپنے لئے صحیح سمت گامزن کرنے کی خواہاں ہے ۔

TOPPOPULARRECENT