Friday , November 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / کولکتہ کا آج حیدرآباد کے خلاف ناک آؤٹ مقابلہ

کولکتہ کا آج حیدرآباد کے خلاف ناک آؤٹ مقابلہ

کولکتہ۔ 21 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ٹورنمنٹ سے اخراج کی دہلیز پر کھڑی دو مرتبہ کی چمپین کولکتہ نائٹ رائیڈرس کو کل ٹیموں کے جدول میں پہلا مقام پر فائز سن رائزرس حیدرآباد کو واضح فرق سے شکست دینا ضروری ہے تاکہ پلے آف میں اپنی رسائی کی امیدوں کو برقرار رکھ سکے۔ رواں ٹورنمنٹ کے درمیانی مرحلے میں سرفہرست رہنے والی کولکتہ کی ٹیم کو یکے بعد دیگرے ناکامیوں کے بعد اب پہلے ہی راؤنڈ سے ٹورنمنٹ کے اخراج کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ دوسری جانب سرفہرست حیدرآبادی ٹیم گزشتہ مقابلے میں دہلی کے خلاف ہوئی ناکامی کو پس پشت ڈالتے ہوئے سیزن میں اپنے پہلے مقام کو برقرار رکھنے کی خواہاں ہوگی۔ آئی پی ایل کے نویں سیزن میں اختتامی لمحات میں پلے آف میں رسائی کسی بھی ٹیم کی یقینی نہیں ہوئی ہے جیسا کہ 16 نشانات کے ذریعہ پانچ ٹیمیں اگلے مرحلے کے چار مقامات کے حصول کی دوڑ میں شامل ہیں۔ کولکتہ میں موسم کا اہم رول ہوسکتا ہے جیسا کہ سائیکلون کی وجہ سے ایڈن گارڈنس میدان پر وکٹ کو محفوظ رکھنے کیلئے پردے ڈال رکھے ہیں، تاہم موسم کی پیش قیاسی کی گئی ہے کہ مقابلے کے وقت مطلع صاف رہے گا۔ دوسری جانب سرفہرست حیدرآباد 16 نشانات کے ذریعہ پہلے مقام کے علاوہ بہتر رن ریٹ کی وجہ سے اس کی سرفہرست دو مقامات میں کوئی جگہ پکی نظر آتی ہے، جبکہ کولکتہ کیلئے یہ مقابلہ ناک آؤٹ کی شکل اختیار کرچکا ہے۔ کولکتہ کیلئے ٹورنمنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر اینڈری رسل کی ٹیم میں واپسی بھی اہمیت کی حامل ہوگی کیونکہ انہوں نے گجرات کے خلاف گزشتہ مقابلے میں ٹیم کی نمائندگی نہیں کی جبکہ 12 مقابلوں میں وہ 15 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ کے کے آر کیلئے کپتان گوتم گمبھیر کے ہمراہ ان کے ساتھی اوپنر رابن اتھپا سے بہتر تعاون ملا ہے تاہم کپتان کوشاں ہے کہ اہم مقابلے میں ٹیم کے جارحانہ بیٹسمنوں کا اہم رول رہے ۔ دوسری جانب حیدرآباد کے لئے اشیش نہرا کا زخمی ہوکر ٹورنمنٹ سے خارج ہوجانا نقصان کا باعث بن رہا ہے۔ جیسا کہ گزشتہ مقابلے میں اسے دہلی کے خلاف آخری گیند پر شکست برداشت کرنی پڑی ہے۔
مقابلے کا آغاز شام 4 بجے ہوگا

TOPPOPULARRECENT