Friday , November 24 2017
Home / شہر کی خبریں / کومٹ ریڈی برادرس کی بی جے پی میں شمولیت کی افواہیں

کومٹ ریڈی برادرس کی بی جے پی میں شمولیت کی افواہیں

کانگریس پارٹی قائدین میں اختلافات ہائی کمان تک پہونچ گئے
حیدرآباد ۔ 18 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کانگریس قائدین اتحاد کا مظاہرہ کرنے کے بجائے ایک دوسرے کے خلاف ہائی کمان سے شکایتیں کررہے ہیں ۔ کومٹ ریڈی برادرس کی بی جے پی میں شمولیت کی افواہیں گشت کررہی ہیں ۔ تلنگانہ کانگریس امور کے نئے انچارج آر سی کنٹیا نے اتحاد کا نعرہ دیتے ہوئے ڈسپلن کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دینے کے باوجود کانگریس قائدین میں خود ان کے خلاف ناراضگی پائی جاتی ہے ۔ اتم کمار ریڈی کو 2019 کے عام انتخابات تک تلنگانہ پردیش کانگریس کی صدارت پر برقرار رکھنے اور ان کا فیصلہ حرف آخر ہونے کا دعویٰ کرنے پر کانگریس کے کئی قائدین بھڑک گئے ہیں ۔ کانگریس کے سینئیر قائدین کومٹ ریڈی برادرس نے جہاں آر سی کنٹیا کے موقف کی کھل کر مخالفت کی ہیں وہی کانگریس کے کئی قائدین نے کانگریس ہائی کمان کے سینئیر قائدین احمد پٹیل ، غلام نبی آزاد اور ڈگ وجئے سنگھ وغیرہ سے ٹیلی فون پر اور تحریری طور پر آر سی کنٹیا کے فیصلوں کی مخالفت کرتے ہوئے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے اور یہاں تک کہہ دیا ہے کہ جب اتم کمار ریڈی ہی سب کچھ ہے تو پارٹی میں ہمارا کیا کام ہے ۔ آر سی کنٹیا نے پارٹی کے سینئیر قائدین کی توہین کی ہے ۔ ریاست میں کانگریس پارٹی کی کارکردگی ابھی ابھی مستحکم ہورہی ہے ۔ کھمم میں کسانوں پر پولیس کی لاٹھی چارج سے نیرلہ واقعہ تک بشمول میاں پور اراضی اسکام کانگریس پارٹی نے اپوزیشن کا اہم رول ادا کیا ہے ۔ سنگاریڈی میں کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کے جلسہ عام کی کامیابی سے پارٹی کیڈر میں نیا جوش و خروش پیدا ہوا ہے ۔ ان سرگرمیوں سے پارٹی ہائی کمان تھوڑی بہت مطمئن ہوئی ہیں تاہم آر سی کنٹیا کے دورے کے بعد پارٹی میں دوبارہ بے چینی کی کیفیت پیدا ہوئی ہے ۔ ایک ہی ضلع کو پارٹی کی صدارت اور قائد اپوزیشن کا عہدہ دینے سے کانگریس پارٹی کے سینئیر قائدین میں ناراضگی پائی جاتی ہے اور گروپ بندیوں کو اس کی ایک وجہ تصور کی جارہی ہے ۔ آر سی کنٹیا کے خلاف ریمارکس کرنے والے کومٹ ریڈی برادرس کے خلاف بھی کانگریس قائدین نے ہائی کمان سے شکایت کی ہے ۔ پارٹی کے چند قائدین کا ماننا ہے کہ کومٹ ریڈی برادرس راہول گاندھی سے رابطے میں ہونے کا تماشہ کررہے ہیں وہ پارٹی میں اہم عہدے کے خواہش مند ہیں ملا تو ٹھیک ہے ، ورنہ وہ بی جے پی میں شامل ہوسکتے ہیں ۔ تلنگانہ بی جے پی قیادت کومٹ ریڈی برادرس سے رابطے میں ہیں ۔ کومٹ ریڈی برادرس نے جان بوجھ کر آر سی کنٹیا کے فیصلے کی مخالفت کی تاکہ ان کے خلاف پارٹی میں کوئی کارروائی ہوتی ہے تو بی جے پی میں شامل ہونے کا راستہ ہموار کرسکے ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ پارٹی کے کئی قائدین نے اس طرح کے شکوک سے ہائی کمان کو بھی واقف کرایا ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT