Monday , February 19 2018
Home / شہر کی خبریں / کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نلگنڈہ لوک سبھا حلقہ سے مقابلہ کریں گے

کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نلگنڈہ لوک سبھا حلقہ سے مقابلہ کریں گے

کانگریس پارٹی اجازت دے تو چیف منسٹر کے سی آر کے خلاف بھی مقابلہ کا عزم
حیدرآباد ۔ 13 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے رکن اسمبلی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے آئندہ لوک سبھا انتخابات کا نلگنڈہ سے مقابلہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ریاستی وزیر جگدیش ریڈی کو ڈپازٹ سے بھی محروم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کانگریس کے سینئیر رکن اسمبلی ہیں جنہوں نے علحدہ تلنگانہ ریاست کے لیے کرن کمار ریڈی کی وزارت سے مستعفی ہو کر تلنگانہ تحریک میں نئی جان پیدا کی تھی ۔ حلقہ اسمبلی نلگنڈہ پر ان کی مضبوط پکڑ ہے ۔ حالیہ دنوں میں حکومت کے خلاف اپنی مہم کو تیز کرنے والے کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے ایک موقع پر پارٹی ہائی کمان اجازت دیں تو چیف منسٹر کے خلاف مقابلہ کرنے کا بھی ارادہ ظاہر کیا تھا ۔ نلگنڈہ میں ان کے کٹر حامی کے قتل کے بعد وہ برہم ہے ۔ ویملا پلی منڈل میں کانگریس پارٹی آفس کا افتتاح کرتے ہوئے اپنے آپ کو سیاسی طور پر سرگرم کرنے والے کے وینکٹ ریڈی نے عام انتخابات میں اس مرتبہ اسمبلی کے بجائے حلقہ لوک سبھا نلگنڈہ سے مقابلہ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ واضح رہے کہ 2014 کے عام انتخابات میں حلقہ لوک سبھا نلگنڈہ سے کانگریس کے ٹکٹ پر کامیاب ہونے والے جی سکھیندر ریڈی نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی ہے ۔ جن سے بھی کے وینکٹ ریڈی ناراض ہیں ۔ انہوں نے وزیر برقی جگدیش ریڈی اور رکن اسمبلی بھاسکر ریڈی کو ڈپازٹ سے بھی محروم کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ ملناساگر اور کالیشورم پراجکٹس کا پانی گجویل اور سدی پیٹ کو پہونچانے کے لیے 40 ہزار کروڑ روپئے کے پراجکٹ کی قیمت 80 ہزار کروڑ روپئے تک بڑھا دی گئی اور سارے تعمیراتی کام آندھرائی کنٹراکٹرس کے حوالے کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر کمیشن حاصل کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں جب بھی انتخابات منعقد ہوں گے ۔ کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ اسمبلی حلقہ نلگنڈہ سے کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے بھائی ایم ایل سی کے راجگوپال ریڈی مقابلہ کرسکتے ہیں یا کانگریس کے جس قائد کا قتل ہوا ان کی شریک حیات جو میونسپل چیرپرسن ہے انہیں بھی امیدوار بنایا جاسکتا ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT