Monday , December 11 2017
Home / شہر کی خبریں / کومپلی میں کل ٹی آر ایس کا پلینری اجلاس

کومپلی میں کل ٹی آر ایس کا پلینری اجلاس

پندرہ ہزار مندوبین کی شرکت ، انتظامات مکمل ، کے ٹی آر وزیر آئی ٹی کا دورہ
حیدرآباد ۔ 19۔ اپریل (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ 21 اپریل کو ٹی آر ایس کے پلینری سیشن کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ کے ٹی راما راؤ نے آج کومپلی میں پلینری سیشن کے مقام کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ پلینری سیشن میں تقریباً 15000 مندوبین کی شرکت متوقع ہے۔ صبح 10.30 بجے سیشن کا آغاز ہوگا اور اس وقت تک چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور دیگر اہم شخصیتیں پہنچ جائیں گی۔ انہوں نے پارٹی قائدین سے اپیل کی کہ وہ پلینری میں شرکت کیلئے وقت کی پابندی کریں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پارٹی کا پرچم لہرائیں گے۔ بعد میں شہیدان تلنگانہ کو خراج پیش کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی جو پارٹی کے صدارتی انتخاب کیلئے ریٹرننگ آفیسر ہیں وہ نئے صدر کے انتخاب کا اعلان کریں گے ۔ خیرمقدمی کلمات کے بعد پارٹی صدر کے خطاب سے سیشن کا آغاز ہوگا۔ رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے کیشو راؤ کی صدارت میں قائم کردہ کمیٹی قراردادوں کی تیاری میں مصروف ہے۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ ایک بجے دن لنچ کا وقفہ دیا جائے گا اور ایک گھنٹے بعد دوبارہ سیشن کا آغاز ہوگا جو شام میں 5 بجے تک جاری رہے گا ۔ شام 5 بجے پارٹی صدر اختتامی تقریر کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ پلینری سیشن کیلئے وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں۔ عوامی نمائندوں اور فنکاروں کیلئے علحدہ اسٹیج تیار کیاجائے گا ۔ میڈیا کیلئے تمام سہولتیں دستیاب رہیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ خاتون مندوبین کیلئے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ مندوبین کو دن بھر اجلاس میں شرکت کے دوران کوئی دشواری نہیں ہونی چاہئے ۔ اس سلسلہ میں تیاری کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کی ٹیم بھی پلینری کے مقام پر تعینات رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ 6 فائر انجنوں کو پلینری کے مقام پر تعینات کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مندوبین کیلئے خصوصی پاسیس جاری کئے جارہے ہیں۔ 31 اضلاع سے شرکت کرنے والے تمام مندوبین کو خصوصی پاسیس جاری کئے جائیں گے۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ تمام کیلئے طعام کا انتظام کیا گیا ہے ۔ اہم شخصیتوں ، عوامی نمائندوں ، فنکاروں، خواتین ، کارکنوں کیلئے 6 خصوصی طعام گاہیں تیار کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شدید گرمی کو دیکھتے ہوئے ٹھنڈا پانی اور چھانچ بھی سربراہ کی جائے گی ۔ 1000 سے زائد والینٹرس خدمات کیلئے دستیاب رہیں گے۔  کے ٹی آر نے بتایا کہ 31 اضلاع سے آنے والے مندوبین کیلئے آؤٹر رنگ روڈ سے راستہ فراہم کیا گیا ہے۔ پلینری کے مقام کی رہنمائی کیلئے سائن بورڈ آویزاں کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک جام سے بچنے کیلئے خصوصی توجہ دی جائے گی۔ 35 ایکر اراضی پر پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔ انہوں نے قائدین اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ پلینری کے سلسلہ میں گریٹر حیدرآباد کے حدود میں ہورڈنگس ، کٹ آؤٹس اور فلیکسی نہ لگائیں اور بلدیہ کے قواعد کی پابندی کریں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ملک بھر میں فلاحی اور تر قیاتی اقدامات میں ٹی آر ایس حکومت مثالی ہے۔ دیگر ریاستوں سے تلنگانہ کی اسکیمات کے بارے میں تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں اور ترقی میں تلنگانہ ملک بھر میں سر فہرست ہیں۔ 9 ریاستوں نے تلنگانہ کے مشن بھگیرتا پروگرام کو اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس موقع پر میئر حیدرآباد بی رام موہن رکن پارلیمنٹ ملا ریڈی ، ارکان قانون ساز کونسل کے پربھاکر ، ایس راجو اور دوسرے موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT