Tuesday , September 25 2018
Home / شہر کی خبریں / کونسلنگ مسئلہ پر دونوں چیف منسٹرس کی ملاقات ضروری

کونسلنگ مسئلہ پر دونوں چیف منسٹرس کی ملاقات ضروری

طلبہ کے مستقبل پر توجہ ناگزیر: وائی ایس آر کانگریس

طلبہ کے مستقبل پر توجہ ناگزیر: وائی ایس آر کانگریس
حیدرآباد /5 اگست (سیاست نیوز) وائی ایس آر کانگریس نے کونسلنگ کے لئے سپریم کورٹ کے فیصلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں تلگو ریاستوں کے چیف منسٹرس سے آپس میں ملاقات اور طلبہ کے مفادات کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔ ترجمان وائی ایس آر کانگریس امبا ٹی رام بابو نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ سے طلبہ اور سرپرستوں کا تجسس دور ہو گیا اور سب راحت کی سانس لے رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نئے نئے فیصلے کرتے ہوئے عوام کو پریشان کر رہے ہیں، جب کہ چیف منسٹر آندھرا پردیش خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا چندرا بابو نائیڈو سیما۔ آندھرا کے طلبہ، عوام اور ملازمین کا خوف دور کرنے یا انھیں اعتماد میں لینے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کر رہے ہیں اور نہ ہی تلگودیشم کے انتخابی منشور کے وعدوں کو پورا کرنا چاہتے ہیں، ان کا کام صرف بیان بازی اور وہائٹ پیپر کی اجرائی تک محدود ہے۔ انھوں نے کہا کہ مقامی (لوکل) کے لئے تلنگانہ حکومت کی پالیسی سیما۔ آندھرا والوں کے لئے انتہائی خطرناک ہے، لہذا تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے چیف منسٹر کو چاہئے کہ ملاقات اور بات چیت کے ذریعہ اس مسئلہ کو حل کریں، ورنہ تلگو عوام کا نقصان ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ 1956ء کی پالیسی اور فیس باز ادائیگی کے مسئلہ پر چیف منسٹر آندھرا پردیش کی خاموشی معنی خیز ہے۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ حیدرآباد کے چند کارپوریٹ ہاسپٹلس میں سیما۔ آندھرا والوں کے علاج سے انکار کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے بعد سیما۔ آندھرا کے طلبہ اور کسانوں کے ساتھ بھی ناانصافی ہو رہی ہے، لہذا اس مسئلہ پر کانگریس، تلگودیشم اور بی جے پی کو اپنے موقف کا اظہار کرنا چاہئے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT