Tuesday , August 21 2018
Home / شہر کی خبریں / کوٹھی ویمنس کالج کو ویمنس یونیورسٹی میں تبدیل کرنے کا فیصلہ

کوٹھی ویمنس کالج کو ویمنس یونیورسٹی میں تبدیل کرنے کا فیصلہ

اندرون ماہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت ، وزیر تعلیم کڈیم سری ہری کا دورہ کالج
حیدرآباد ۔ 22 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے کوٹھی ویمن کالج کو ویمن یونیورسٹی میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے عہدیداروں کو اندرون ایک ماہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ۔ وزیر تعلیم و ڈپٹی چیف منسٹر نے آج اچانک کوٹھی پر واقع ویمنس کالج کا دورہ کیا ۔ کالج میں موجود سہولتوں کا جائزہ لیا اور تدریسی انتظامات اور دوسری ضرورتوں کے بارے میں طالبات سے بات چیت کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کیا ۔ واضح رہے کہ ویمنس کالج 40 ایکڑ اراضی پر محیط ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کالج کے احاطہ کا پیدل دورہ کرتے ہوئے جائزہ لیا اور کہا کہ کالج کی عمارتوں میں تمام سہولتیں دستیاب ہیں ۔ تعلیمی ماحول طالبات کے حق میں ہے ۔ اس کالج میں ریاست کے 31 اضلاع کی طالبات کے علاوہ بیرونی ممالک کی لڑکیاں بھی زیر تعلیم ہیں ۔ بعد ازاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کڈیم سری ہری نے کہا کہ ویمنس کالج کو ویمنس یونیورسٹی میں تبدیل کرنے کے لیے تمام سہولتیں موجود ہیں ۔ وہ اس مسئلہ کو چیف منسٹر کے سی آر سے رجوع کرنے کا ارادہ ظاہر کیا اور چیف منسٹر کی رضا مندی کے بعد کوٹھی ویمنس کالج کو آئندہ تعلیمی سے تلنگانہ ویمنس یونیورسٹی میں تبدیل کریں گے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ متحدہ آندھرا پردیش میں پدماوتی ویمنس یونیورسٹی قائم تھی ریاست کی تقسیم کے بعد وہ آندھرا پردیش کا حصہ بن گئی ہے ۔ تلنگانہ میں ویمنس یونیورسٹی کی شدت سے کمی محسوس کی جارہی ہے ۔ وہ اس مسئلہ کو مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل سے رجوع کرچکے ہیں اور تقسیم آندھرا پردیش بل کے تیقنات کے مطابق تلنگانہ میں ویمنس یونیورسٹی کے قیام کے لیے تعاون کرنے کی اپیل کرچکے ہیں ۔ کوٹھی ویمنس کالج کا جائزہ لینے کے بعد ویمنس یونیورسٹی کے لیے جو سہولتیں درکار ہونی چاہئے وہ سب اس کیمپس میں موجود ہیں ۔ انہوں نے ویمنس کالج کو ویمنس یونیورسٹی میں تبدیل کرنے کے لیے کیا اقدامات کرنا چاہئے اس کی اندرون ماہ ایک رپورٹ پیش کرنے عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ کوٹھی ویمنس کالج میں 42 یو جی سی اور پی جی کورسیس میں تعلیم دی جارہی ہے ۔ ایک ریسرچ سنٹر کی کمی ہے ۔ عثمانیہ یونیورسٹی کے صد سالہ تقاریب کے دوران چیف منسٹر کے سی آر نے 200 کروڑ روپئے منظور کیا ہے ۔ جس میں سے 37 کروڑ روپئے ویمنس کالج کو مختص کئے گئے ہیں ۔ جس سے مختلف عمارتوں کی تزئین نو کے کام جاری ہیں ۔ عہدیداروں کی رپورٹ وصول ہونے کے بعد مزید سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر کے دورے میں محکمہ تعلیم کے کمشنر نوین متل وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی رامچندرم ، رجسٹرار گوپال ریڈی ، کالج کی پرنسپل پرشانت آتما کے علاوہ دوسرے عہدیدار موجود تھے ۔۔

TOPPOPULARRECENT