Sunday , December 17 2017
Home / شہر کی خبریں / کوٹھی ویمنس کالج کی تزئین نو

کوٹھی ویمنس کالج کی تزئین نو

دربار ہال کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے محکمہ آثار قدیمہ کے اقدامات
حیدرآباد4  ڈسمبر (سیاست نیوز) محکمہ آثار قدیمہ کی جانب سے برٹش ریسیڈنسی موجودہ کوٹھی ویمنس کالج کی تزئین نو و آہک پاشی کے کاموں کا عنقریب آغاز کیا جائے گا اور اس مقصد کے لئے 17 کروڑ روپئے خرچ کرتے ہوئے مغربی حصہ میں موجود دربار ہال کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ محکمہ آثار قدیمہ کے بموجب جامعہ عثمانیہ، ورلڈ مونومنٹ فنڈ کے اشتراک سے یہ پراجکٹ تکمیل کیا جائے گا۔ شہر میں موجود قدیم عمارتوں کی عظمت رفتہ کی بحالی کے لئے جامعہ عثمانیہ اور ورلڈ مونومینٹس فنڈ کے اشتراک کے بعد یہ پہلا پراجکٹ ہے جس کا آغاز کیا جائے گا اور اس پراجکٹ کی تکمیل کے لئے 18 ماہ درکار ہوں گے۔ پراجکٹ کی تکمیل کے بعد پہلے مرحلہ کی تکمیل کے بعد دیگر پراجکٹس کے متعلق منصوبہ بندی کی جائے گی۔ محکمہ آرکیالوجی کے عہدیداروں کے مطابق پراجکٹ میں درکار تمام منصوبوں کے علاوہ ماہرین کی خدمات کے حصول کے سلسلہ میں بھی مشاورت کی جاچکی ہے۔ پہلے مرحلہ میں مغربی حصہ میں موجود دربار ہال بلاک کی آہک پاشی کو یقینی بنایا جائے گا اور چھت  کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ اس پراجکٹ کے علاوہ عثمانیہ یونیورسٹی کی عمارت کے تحفظ کے سلسلہ میں بھی رہنمایانہ خطوط کی تیاری کے لئے کمیٹی تشکیل دیئے جانے کا منصوبہ ہے۔ محکمہ آثار قدیمہ کی جانب سے شروع کئے جانے والے اس پراجکٹ کے تحت سمینارس و ورکشاپ کے علاوہ ہیریٹیج ٹور کے انعقاد کے ذریعہ شعور بیداری مہم چلانے کا بھی منصوبہ ہے۔ علاوہ ازیں طلبہ اور نوجوانوں کو تہذیبی ورثہ کے متعلق معلومات بہم پہنچانے کے لئے متعدد پروگرامس کے انعقاد کی منصوبہ بندی بھی کی گئی ہے۔

TOPPOPULARRECENT