Thursday , December 14 2017
Home / کھیل کی خبریں / کوچ نہ بننے کا بی سی سی آئی اور کوہلی ذمہ دار:سہواگ

کوچ نہ بننے کا بی سی سی آئی اور کوہلی ذمہ دار:سہواگ

نئی دہلی ۔20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے سابق اوپنرویریندر سہواگ نے کہا ہے ہندوستانی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی سے سیٹنگ نہ ہونے کے باعث میری جگہ روی شاستری کو کوچ بنایا گیا اور اس کے ذمہ دارٹیم کے موجودہ کپتان ویراٹ کوہلی بھی ہیں جبکہ انل کمبلے کو جس طرح اس عہدے سے محروم کیا گیا وہ انتہائی افسوسناک ہے۔ سہواگ کے بموجب انہوں نے کبھی کوچ بننے کا نہیں سوچا تھا لیکن کرکٹ بورڈکے قائم مقام سیکریٹری امیتابھ چوہدری اور ایم سری دھرنے اس بارے میں سوچنے کا مشورہ دیاتھا جس پر میں نے کوچ کے عہدے کے لئے درخواست دی۔ مزید کہا کہ میں نے امیدوار بننے سے پہلے کوہلی سے بھی رابطہ کیا تھا اور انہوں نے بھی مجھے درخواست دینے کے لیے کہا تو میں نے درخواست جمع کروانے کا فیصلہ کیا۔ سہواگ نے کہا کہ میں اس لئے ہندوستانی ٹیم کا کوچ نہیں بن سکا کیونکہ جو لوگ کوچ کا انتخاب کر رہے تھے ان سے میرے تعلقات نہیں تھے۔انہوں نے کہا کہ روی شاستری سے پوچھا تھاکہ وہ ہیڈ کوچ کے عہدے کے لئے درخواست کیوں نہیں دے رہے، جس پر انہوں نے کہا کہ وہ اس غلطی کو نہیں دہرانا چاہتے جو وہ ایک مرتبہ پہلے کر چکے ہیں لیکن بعد ازاں شاستری کوہلی کی حمایت سے میدان میں آگئے اور ان کا انتخاب بھی ہو گیا۔ اگر مجھے پتہ ہوتا کہ روی شاستری بھی درخواست جمع کروائیں گے تو میں کبھی بھی اس عہدے کیلئے امیدوار نہ بنتا۔ سابق اوپنر نے انل کمبلے کے مستعفی ہو نے بارے میں کہا کہ انہیں جس طرح اس اقدام کے لئے مجبور کیا گیا وہ افسوسناک ہے، میرے خیال میں ہندوستانی ٹیم کو کمبلے سے بہتر کوچ کبھی نہیں ملا لیکن ایسے حالات پیدا کئے گئے کہ ان کے لئے یہ عہدہ چھوڑنے کے سوا کوئی راستہ نہیں رہا تھا۔

TOPPOPULARRECENT