Wednesday , November 22 2017
Home / اضلاع کی خبریں / کوڑنگل میں المناک سڑک حادثہ

کوڑنگل میں المناک سڑک حادثہ

ایک شخص ہلاک، چھ شدید زخمی، جائے حادثہ پر دلخراش منظر

کوڑنگل۔/8مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کوڑنگل کے نواح میں کوڑنگل تانڈور شاہراہ پر گزشتہ روز رات دیر گئے پیش آئے المناک سڑک حادثہ میں ایک نوجوان ہلاک اور چھ لوگ شدید زخمی ہوگئے۔ جائے حادثہ پر دلخراش مناظر دیکھے گئے۔ متاثرین و پولیس کی بتائی ہوئی تفصیلات کی بموجب کوڑنگل کے موضع پرسا پور کا متوطن پی سینو نے اپنے قریبی عزیز کی موضع امسان پلی منڈل بشیرآباد کی کیڑے مار دوا پی کر خودکشی کرلینے کی کوشش کی اطلاع پاکر اپنے دوستوں موہن 28سالہ، پی وینکٹیا، جی وینکیٹیا، لنگیا، بگیا اور نرسملو کے ہمراہ ٹویرا موٹر کار…… میں روانہ ہوئے۔ دریں اثناء ریاست کرناٹک کے مقام سیڑم سے چنچولی کے قریب واقع ایک مٹھ کو ٹریکٹرس کے ذریعہ کڑوی منتقل کی جارہی تھی تانڈور شاہراہ پر ٹریکٹر گزررہے تھے۔ اس دوران کوڑنگل سے ایک کلو میٹر فاصلہ پر بجانب تانڈور ایک ٹریکٹر سے ٹرالی علحدہ ہوکر الٹ گئی۔ پیچھے آنے والے ٹریکٹر ڈرائیور نے اپنے ٹریکٹر کو باز ٹھہرا کر الٹ جانے والے ٹریکٹر کے قریب گیا۔ اس دوران مذکورہ ٹویرا موٹر کار تیزی سے گذررہی تھی، موڑ ہونے کی وجہ کار ڈرائیور نے تاریکی میں ٹھہرے ہوئے ٹریکٹر کو بری طرح ٹکر دے دی جس کی وجہ کار میں سفر کرنے والے موہن کی برسر موقع موت واقع ہوگئی اور دیگر چھ لوگ شدید زخمی ہوگئے۔ اطلاع پاکر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو سرکاری دواخانہ کوڑنگل سے رجوع کیا۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد گاندھی ہاسپٹل حیدرآباد لے جایا گیا۔ متوفی موہن موضع پرسا پور گرام پنچایت وارڈ ممبر کے علاوہ ایل آئی سی ایجنٹ کی حیثیت سے کام کرتا تھا۔ موہن کے پسماندگان میں بیوہ سروجا کے علاوہ ایک لڑکی اور تین ماہ کا لڑکا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ بعد پوسٹ مارٹم نعش ورثاء کے حوالے کی گئی۔ سب انسپکٹر پولیس دسرو نائیک نے بتایا کہ بیوہ سروجا کی درخواست پر کیس درج رجسٹر کیا جاکر تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT