Sunday , September 23 2018
Home / جرائم و حادثات / کوکٹ پلی میں شادی سے انکار پر لڑکی کا قتل۔ بے رحم عاشق نے گلا کاٹ دیا

کوکٹ پلی میں شادی سے انکار پر لڑکی کا قتل۔ بے رحم عاشق نے گلا کاٹ دیا

حیدرآباد۔/10جنوری، ( سیاست نیوز) خواتین کے ساتھ ہراسانی اور چھیڑ چھاڑ و اذیت کے خلاف سخت اقدامات کے لئے مشہور سائبر آباد پولیس حدود میں چونکا دینے والا واقعہ پیش آیا۔ ایک خانگی ملازمہ لڑکی کی جانب سے شادی کی پیشکش ٹھکرانے پر اس کا بے رحمی سے قتل کردیا گیا۔ کوکٹ پلی پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا۔ لڑکی نے پولیس سے ہراسانی کی شکایت کی تھی تاہم جس ادارہ سے وہ وابستہ تھی اس ادارہ کے ذمہ داروں کو سارے واقعہ کا علم تھا۔ جانکی جس کی عمر24 سال بتائی گئی ہے موسی پیٹ علاقہ میں اپنی ساتھی سہیلی کے ساتھ رہتی تھی لڑکی کا تعلق سریکاکولم ضلع سے بتایا گیا ہے۔ کوکٹ پلی ڈی مارٹ میں وہ کام کرتی تھی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق اس ڈی مارٹ میں اننتیا عرف آنند نامی ایک شخص بھی کام کرتا تھا جو گزشتہ 4 سال سے اس لڑکی کو پریشان کررہا تھا، طرح طرح سے وہ اس لڑکی کو حاصل کرنے کی کوشش کررہا تھا تاہم لڑکی اس کے چنگل سے ہر مرتبہ بچتی رہتی تھی۔یہ لڑکی روزگار کی تلاش میں حیدرآباد آئی تھی اور ساتھی لڑکی جو ملازمت کرتی تھی اس کے ہمراہ موسی پیٹ میں ایک کمرہ کرایہ پر حاصل کرتے ہوئے زندگی بسر کررہی تھی۔ دو ہفتہ قبل ڈی مارٹ میں جانکی کو آنند نے پیشکش کی تھی تاہم لڑکی نے مسترد کردیا ۔ اس بات پر برہم آنند نے جانکی کو مار پیٹ کا نشانہ بنایا ۔ اس کا بات علم انتظامیہ کو ہوا اور اس نے بجائے کارروائی کے جانکی کو دوسری برانچ منتقل کردیا۔ کل شام ڈیوٹی سے واپسی کے بعد جانکی اپنے مکان پہنچی اور آنند بھی اس وقت اس کے کمرہ میں آگیا اور اس پر شادی کیلئے دباؤ ڈالنے لگا۔ لڑکی کے انکار پر اس نے پھر مار پیٹ کا نشانہ بنایا اور اس کا گلا گھونٹ دیا اور اس کے بعد گلا کاٹ کر قتل کردیا۔ پولیس کوکٹ پلی نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔

TOPPOPULARRECENT