Saturday , August 18 2018
Home / کھیل کی خبریں / کوہلی دورۂ جنوبی افریقہ کے لئے فکرمند

کوہلی دورۂ جنوبی افریقہ کے لئے فکرمند

ناگپور۔24نومبر(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے سخت دورہ جنوبی افریقہ سے قبل ناقص شیڈول اور منصوبہ بندی پر بی سی سی آئی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناقص منصوبہ بندی کے سبب ہمارے پاس دورہ جنوبی افریقہ کی تیاریوں کیلئے بالکل بھی وقت نہیں ہو گا۔ٹیم اس وقت سری لنکا کے خلاف ٹسٹ سیریز کھیلنے میں مصروف ہے اور ونڈے اور ٹی20 سمیت اس سیریز کے اختتام پر میزبان ملک کو مشکل دورہ جنوبی افریقہ کیلئے روانہ ہونا ہے اور اس ناقص منصوبہ بندی پر ہندوستانی ٹیم کے کپتان نے بورڈ حکام کو تنقید کا نشانہ بنایا۔کوہلی نے بورڈ پر زور دیا کہ وہ مستقبل میں سیریز کی منصوبہ بندی سے قبل شیدول کا جائزہ ضرور لیں کیونکہ ایسا نہ کرنے کی صورت میں کھلاڑی غیرضروری دباؤ کا شکار ہو جاتے ہیں اور زخمی ہونے کا خطرہ بھی رہتا ہے۔انہوں نے تسلیم کیا کہ دورہ جنوبی افریقہ کی وجہ سے ہم نے بورڈ سے درخواست کی کہ سری لنکا کے خلاف سیریز کے دوران فاسٹ بولروں کو معاونت فراہم کرنے والی وکٹیں تیار کی جائیں تاکہ ہمیں دورے کی تیاری کا وقت مل سکے۔کپتان نے کہا کہ سری لنکا سے سیریز کے اختتام کے دو دن بعد ہمیں جنوبی افریقہ روانہ ہونا ہے لہٰذا ہمارے پاس اس کے علاوہ اور کوئی چارہ نہ تھا کہ ہم مستقبل میں درپیش چیلنج سے نمٹنے کی تیاری کریں اور جنوبی افریقہ جیسی وکٹوں سے ہم آہنگ ہونے کی کوشش کریں۔ اگر ہمیں تیاری کیلئے ایک ماہ کا عرصہ ملتا تو ہم کیمپ لگا کر باقاعدہ اس کی تیاری کرتے لیکن ہمیں انہی حالات میں رہتے ہوئے دورے کی تیاری کرنی ہے۔ہندوستان کی سری لنکا سے سیریز کا اختتام 24 دسمبر کو ہو گا اور جنوبی افریقہ کے خلاف پہلا ٹسٹ میچ پانچ دسمبر کو کھیلا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT