Wednesday , November 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / کوہلی ورلڈ T20 الیون کے کیپٹن نامزد

کوہلی ورلڈ T20 الیون کے کیپٹن نامزد

کولکاتا ، 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے بیٹنگ اسٹار ویراٹ کوہلی کو آج آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی 20 الیون کا کیپٹن نامزد کیا گیا؛ جس میں ویٹرن سیمر آشیش نہرا کو بھی جگہ ملی ہے۔ سابق کرکٹرز اور کمنٹیٹرز کے منتخب گروپ نے اس ورلڈ T20 میں کھلاڑیوں کے مظاہروں کی اساس پر تمام حالات کو ملحوظ رکھ کر مینس اور ویمنس دونوں ٹیموں کا انتخاب کیا ہے۔ یہ ایونٹ گزشتہ شب یہاں اختتام پذیر ہوا، جبکہ ویسٹ انڈیز نے دونوں خطابات جیت لئے۔ کوہلی کو اُن کی غیرمعمولی کارکردگی پر جس نے انھیں ہندوستانی بیٹنگ لائن اپ کی جان بنا ڈالا، ’مین آف دی ٹورنمنٹ‘ کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ انھوں نے 136.50 کے ہمالیائی اوسط کے ساتھ 273 رنز اسکور کئے اور زائد از 50 کے تین مظاہروں کے ساتھ 146.77 کا شاندار اسٹرائک ریٹ بھی درج کرایا۔ نہرا نے تقریباً ہر میچ میں ہندوستان کو ابتدائی کامیابی دلائی۔ وہ صرف پانچ وکٹیں لئے مگر تمام پانچوں مقابلوں میں کفایتی ثابت ہوئے۔ آئی سی سی جنرل منیجر، جیف اَلارڈیس کے معلنہ اسکواڈز کے مطابق مینس ورلڈ T20 الیون یوں ہے: جیسن روائے (انگلینڈ)، کوئنٹن ڈی کاک (جنوبی افریقہ، وکٹ کیپر)، ویراٹ کوہلی (انڈیا، کیپٹن)، جوو روٹ (انگلینڈ)، جوس بٹلر (انگلینڈ)، شین واٹسن (آسٹریلیا)، اینڈرے رسل (ویسٹ انڈیز)، مچل سینٹنر (نیوزی لینڈ)، ڈیوڈ ویلی (انگلینڈ)، سامیول بدری (ویسٹ انڈیز)، آشیش نہرا (انڈیا)، 12 کھلاڑی : مستفیض الرحمن (بنگلہ دیش)۔ دریں اثناء ویمنس ٹیم میں کوئی انڈین کرکٹر نہیں۔ یہ نیوزی لینڈ کی چار، آسٹریلیا، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز سے 2، 2 اور پاکستان اور جنوبی افریقہ سے ایک، ایک کھلاڑی پر مشتمل ہے۔ ویسٹ انڈیز کی اسٹفانی ٹیلر کو ویمنس ٹیم کی کپتان نامزد کیا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT